نواز شریف کو مائنس کرنے والے خود مائنس ہو چکے : مریم نواز
نوازشریف کے خلاف سازش کی وجہ سے عوام کو مہنگائی ملی
پاکستان کی خوش حالی کا دور واپس آ رہا ہے
چیف آرگنائزر ن لیگ کا خیبرپختونخوا کے پارٹی عہدیداروں سے خطاب
اسلام آباد(ویب نیوز)
پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ 21 اکتوبر کو غریبوں کا احساس کرنے والا نوازشریف واپس آرہا ہے، نوازشریف کے خلاف سازش کی وجہ سے عوام کو مہنگائی ملی۔نواز شریف کو مائنس کرنے والے خود مائنس ہو چکے،مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں قائدن لیگ میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی اور استقبال سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا۔ اس دوران خیبرپختونخوا کے پارٹی عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ معمارِ پاکستان ویلکم بیک، سازشیو گڈ بائے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف واپس نہیں آ رہا، پاکستان کی خوش حالی کا دور واپس آ رہا ہے، نواز شریف کو مائنس کرنے والے خود مائنس ہو چکے ہیں، نوازشریف کو مائنس کرتے کرتے پاکستان کی ترقی مائنس ہو گئی، نوازشریف کا پیغام پاکستان کی ترقی، مہنگائی سے عوام کو نجات دلانا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے بہادری، ثابت قدمی سے سیاسی انتقام کا مقابلہ کیا اور سرخرو ہوئے، نوازشریف نے عوام کو مہنگائی سے بچایا تھا، اس خدمت کی انہیں سزا ملی، نوازشریف کے خلاف سازش کے نتیجے میں عوام کو مہنگائی ملی۔مریم نواز کا خطاب کے دوران مزید کہنا تھا کہ سازشی نہیں چاہتے تھے کہ پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو، 21 اکتوبر اعلان ہے کہ عوام کی تکلیف کے دن ختم ہونے والے ہیں، 21 اکتوبر اعلان ہے کہ غریبوں کے دکھ درد کا احساس کرنے والا نوازشریف واپس آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے دور میں 5 سال آٹے، گھی، چینی کی قیمت نہیں بڑھی، نوازشریف وہ ہے جس کے دور میں 47 سال میں مہنگائی کم ترین سطح پر آئی تھی، نوازشریف وہ ہے جس نے پاکستان کی معاشی ترقی 6.1 فیصد پر پہنچائی تھی، نوازشریف وہ ہے جس نے پاکستان کا واحد آئی ایم ایف پروگرام کامیابی سے مکمل کیا۔مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف نے 2017 میں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، نوازشریف کا دیا ترقی کا سفر جاری رہتا تو پاکستان آج بحرانوں کا شکار نہ ہوتا،نوازشریف کا دیا ترقی کا سفر جاری رہتا تو آج بجلی گیس پٹرول مہنگے نہ کرنے پڑتے۔ان کا اپنے خطاب کے دوران مزید کہنا تھا کہ وعدہ ہے کہ خیبرپختونخوا کی محرومیاں دور کرکے ترقی کا تاریخی سفر شروع کریں گے، دہشت گردی کے علاوہ معاشی دہشت گردی سے بھی قوم کو نجات دلانی ہے۔مسلم ن لیگ کے ذرائع کے مطابق مریم نواز شریف اسلام آباد دورے کے دوران آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے پارٹی عہدیداروں سے ملاقات کریں گی۔مریم نواز اسلام آباد، راولپنڈی ریجن کے سابق ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گی۔واضح رہے کہ نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کے سلسلے میں گزشتہ روز لاہور میں سابق ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کا اجلاس ہوا تھا۔یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق آئندہ ماہ 12 اکتوبر کی تاریخ دے رکھی ہے