22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی کی شرح 38.67 فیصد ہوگئی
سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کا مجموعی پارہ 38 اعشاریہ 67 فیصد کی سطح پر پہنچ گیا: ادارہ شماریات
اسلام آباد(ویب نیوز)
ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں تقریبا ایک فیصد کا اضافہ ہوگیا۔ادارہ شماریات کی جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملک میں گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0 اعشاریہ 93 فیصد کا اضافہ ہوا جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کا مجموعی پارہ 38 اعشاریہ 67 فیصد کی سطح پر پہنچ گیا۔ماہانہ 17 ہزار تک کمانے والے افراد کیلئے مہنگائی کی شرح 38 اعشاریہ 27 فیصد، ماہانہ 17 سے 23 ہزار تک آمدن والے افراد کیلئے مہنگائی کا پارہ 41 فیصد جبکہ ماہانہ 30 ہزار کمانے والوں کیلئے مہنگائی کی شرح 39 اعشاریہ84 فیصد ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق ملک میں ایک ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور 11 کی قیمت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، رواں ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 26 روپے 2 پیسے تک کا اضافہ ہوا۔چکن کی فی کلو قیمت میں 31 روپے 26 پیسے، لہسن کی فی کلو قیمت میں 24 روپے 1 پیسے، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 14 روپے 4 پیسے مہنگا ہوا۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 12 روپے 39 پیسے کی کمی جبکہ چینی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 91 پیسے اور آلو گندم کا آٹا، گڑ اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی ہوئی