سپریم کورٹ آف پاکستان میں آئندہ ہفتے کے کیسز کی کاز لسٹ جاری
فل کورٹ پیر کوسپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل2023کے خلاف دائر 10درخواستوں پر سماعت کرے گی
فل کورٹ کی کاروائی سرکاری ٹی وی پربراہ راست دکھائی جائے گی
اسلام آباد(ویب نیوز)
سپریم کورٹ آف پاکستان میں آئندہ ہفتے کے کیسز کی کاز لسٹ جاری کردی گئی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میںموجودہ تمام17میں سے 15ججز پر مشتمل فل کورٹ سوموار کے روز سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل2023کے خلاف دائر 10درخواستوں پر سماعت کرے گی۔اس وقت سپریم کورٹ میں ججز کی دوآسامیاں خالی ہیں۔ فل کورٹ کی کاروائی پی ٹی وی پربراہ راست دکھائی جائے گی۔ دیگرججز میں سردار طارق مسعود، اعجاز الاحسن، سید منصور علی شاہ، منیب اختر، یحییٰ خان آفریدی، امین الدین خان، سید مظاہر علی اکبر نقوی، جمال خان مندوخیل، محمد علی مظہر، عائشہ اے ملک،اطہر من اللہ، سید حسن اظہر رضوی، شاہد وحید اور مسرت ہلالی شامل ہیں۔ درخواستیں راجہ عامر خان، چوہدری غلام حسین، محمد شافع منیر ایڈووکیٹ لاہورہائی کورٹ، زمان خان وردگ، غلام محی الدین، محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ ، محمد شاہد رانا ایڈووکیٹ، مدثر حسین جوڑا ، نیاز اللہ خان نیازی اور عمر صادق کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔ درخواست میں سیکرٹری برائے قانون وانصاف کے توسط سے وفاق پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔ کیس میں اب تک درخواست گزاروں کی جانب سے خواجہ طار ق اے رحیم، امتیاز رشید صدیقی، محمد اکرام چوہدری، حسن عرفان خان اورعزیر کرامت بھنڈاری دلائل دے چکے ہیں جبکہ اٹارنی جنرل بیرسٹر منصور عثمان اعوان بھی دلائل دے چکے ہیں۔درخواست گزاروںکے وکلاء تحریری دلائل بھی جمع کرواچکے ہیں۔ کیس میں عدالت کی جانب سے مختلف سیاسی جماعتوں کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کی جانب سے بیرسٹر صلاح الدین احمد دلائل دیں گے۔ جبکہ دیگر جماعتوں اورفریقین کے وکلاء بھی مزید دلائل دیں گے۔ جبکہ منگل10اکتوبر سے سے جمعہ13اکتوبر تک چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل تین رکنی بینچ مختلف کیسز کی سماعت کرے گا۔ جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں جسٹس مس مسرت ہلالی پر مشتمل دورکنی بینچ منگل سے جمعہ تک کیسز کی سماعت کرے گا، جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل تین رکنی بینچ منگل سے جمعہ تک کیسز کی سماعت کرے گا،جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس عائشہ اے ملک پر مشتمل دورکنی بینچ منگل سے جمعہ تک مختلف کیسز کی سماعت کرے گا، جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میں جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس محمد علی مظہر مشتمل تین رکنی بینچ منگل سے جمعہ تک مختلف کیسز کی سماعت کرے گا۔جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں جسٹس سید حسن اظہر رضوی پر مشتمل دورکنی بینچ منگل سے جمعہ تک مختلف کیسز کی سماعت کرے گا۔