• فریقین اپنا جواب 8مئی تک جمع کروادیں،کیس کی مزید سماعت بھی 8مئی دن ساڑھے 12بجے ہو گی،حکمنامہ

اسلام آباد (ویب نیوز)

سپریم کورٹ آف پاکستان میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023کے خلاف دائر درخواستوں پر2مئی کو ہونے والی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا گیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان عمرعطابندیال کی سربراہی میں آٹھ رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تھی۔ حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ ایکٹ بننے کے بعد داخل نئی آئینی درخواستوں پر بھی نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔ تحریری حکمنامہ چار صفحات پر مشتمل ہے۔ تحریری حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ پریکٹس  اینڈ پروسیجر بل 2023پر عملدرآمدروکنے کے حوالے سے جاری حکمنامہ تاحکم ثانی برقراررہے گا۔ عدالت نے بل کے حوالہ سے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی ، قومی اسمبلی اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بل کی شقوں پر ہونے والی بحث کا ریکارڈ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ تحریری حکمنامہ میں کہا گیا کہ دائر درخواستوں میں اہم آئینی نکات اٹھائے گئے ہیں۔ عدالت نے اپنے تحریری حکمنامہ میں قراردیا ہے کہ فریقین اپنا جواب 8مئی تک جمع کروادیں،کیس کی مزید سماعت بھی 8مئی دن ساڑھے 12بجے ہو گی۔