پی آئی اے کی نجکاری کیا مسلم لیگ (ن) کر رہی ہے،  سینیٹر سلیم مانڈوی والا

سعد رفیق نے کس حیثیت میں نجکاری سے متعلق اجلاس میں شرکت کی؟

سینیٹ کے سابق ڈپٹی چیئرمین کے تحفطات

اسلام آباد (ویب  نیوز)

سینیٹ کے سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے پی آئی اے کی نجکاری پرتحفظات کا اظہار کرتے ہوئے  پاکستان مسلم لیگ (ن)پر قومی ایئر لائن اپنے کسی چہیتے کو دینے کی کوششوں کا الزام لگادیا۔اپنے ایک انٹرویومیں  سینیٹر سلیم مانڈوی والانے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کی پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق اجلاس میں شرکت پر اعتراض کرتے ہوئے کہا  ہے کہ نگران وفاقی وزیر نجکاری فواد حسن فواد نے ایک اجلاس بلایا جس میں سعد رفیق نے بھی شرکت کی، اگر سابق وفاقی وزیر اب بھی اجلاسوں میں شرکت کریں تو یہ شفاف نجکاری تو نہیں ہوگی، پی آئی اے کی نجکاری تو سلیکٹڈ نجکاری ہے۔ انھوں نے  مسلم لیگ(ن) پر پی آئی اے کو اپنے لوگوں کو بیچنے کے منصوبے کا الزام لگایا ہے۔سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ خدشہ ہے کہ اپنی پسند کے مطابق پی آئی اے بیچ دی جائے گی، نجکاری شفاف نہ ہوئی تو ہم اعتراض کریں گے، لوگ ایسی نجکاری کے خلاف عدالتوں میں بھی جائیں گے۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کیا مسلم لیگ (ن) کر رہی ہے، سعد رفیق نے کس حیثیت میں نجکاری سے متعلق ہونے والے اجلاس میں شرکت کی؟ پی آئی اے اپنے ہی لوگوں کو بیچ دی جائے گی، آپ نے کوئی بندہ بھی تیار کیا ہوا ہوگا اور اس کے ساتھ رضامندی بھی کی ہوگی، ایسی نجکاری ہمیں قبول نہیں ہوگی۔دریں اثنا ایک رپورٹ کے مطابق پی آئی اے 2011 میں غیر منافع بخش ہونا شروع ہوئی اور اسے حکومتی سبسڈی کی ضرورت پڑی، 2016 کے آخر تک عوامی ایئرلائن پر 3 ارب ڈالر کا قرضہ چڑھ چکا تھا، 2018 کے اختتام پر گزشتہ سال کے 2.97 ارب ڈالر کے مقابلے پی آئی اے 3.3 ارب ڈالر کی قرض دار ہوگئی اور اس لیے آپریشن جاری رکھنے کے لیے حکومتی بیل آؤٹس کی ضرورت تھی۔ستمبر 2019 میں ہونے والے آڈٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ 2016 سے 2017 کے دوران پی آئی اے نے بنا کسی مسافر کے 46 خالی پروازیں چلائیں جس سے ایئر لائن کو 11 لاکھ ڈالرز کا نقصان ہوا، اس کے ساتھ ہی 36 حج پروازیں بھی بغیر مسافروں کے چلائی گئیں۔یاد رہے کہ اکتوبر میں نگران وفاقی کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی نجکاری کرنے کی منظوری دی تھی جس کا مجموعی خسارہ بڑھ کر 750 ارب روپے تک پہنچ چکا تھا۔نگران وزیر نجکاری فواد حسن فواد نے کہا تھا کہ اس وقت پی آئی اے کے نقصانات 750 ارب روپے ہیں اور پی آئی اے بھی مانتی ہے کہ ان کا ماہانہ خسارہ 12.77 ارب روپے ہے، ادارے کے پاس 34 جہاز ہیں جن میں سے 15جہاز گرانڈ پر ہیں جبکہ صرف 19 جہاز پرواز کرتے ہیں اور ان میں سے بھی چند ایسے ہیں جو کبھی کبھی اڑان نہیں بھرتے۔انہوں نے کہا کہ صرف چند جہازوں کو اڑانے کے لیے روزانہ 50 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، مزید کہا کہ پی آئی اے کے ملازمین کو بے روزگار نہیں کریں گے، ان کے لیے ہمارے پاس مختلف منصوبے ہیں۔