الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز کے مطابق عام انتخابات کیلئے تمام انتظامات بر وقت مکمل کر لئے جائیں۔ چیف سیکرٹری
عملہ کی تعیناتی، پولنگ سٹیشنز پر مطلوبہ سہولیات کی فراہمی ، ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی کیلئے جامع پلان مرتب کیا جائے
انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف بلا تفریق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت
ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی میں ملوث کھاد ڈیلروں کیخلاف کریک ڈائون شروع کرنے کے احکامات جاری
لاہور ( ویب نیوز)
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز کے مطابق عام انتخابات کیلئے تمام انتظامات بر وقت مکمل کر لئے جائیں اور عملہ کی تعیناتی، پولنگ سٹیشنز پر مطلوبہ سہولیات کی فراہمی ، ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی کیلئے جامع پلان مرتب کیا جائے۔انہوں نے یہ ہدایت عام انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، بلدیات، تعلیم اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور الیکشن کمیشن کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف بلا تفریق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ا نہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے انتظامات کیلئے سیکرٹری بلدیات کو فوکل پرسن مقرر کیا جا رہا ہے، تمام محکمے عام انتخابات کے انتظامات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مکمل معاونت فراہم کریں۔ بعد ازاں چیف سیکرٹری نے صوبے میں کھاد کی گرانفروشی اور سموگ کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا اور ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی میں ملوث ڈیلروں کیخلاف کریک ڈائون شروع کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز کھاد کی نوٹیفائیڈ قیمت پر دستیابی یقینی بنائیں، مقررہ سے زائد نرخوں پر فروخت کسی صورت برداشت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کھاد کی کوئی کمی نہیں،آن لائن پورٹل پر کھاد کے سٹاکس کی کڑی نگرانی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی کر کے کاشتکاروں کو لوٹنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا