ہم شرمندہ ہیں، غزہ کے بچوں کا ہولو کاسٹ دیکھ رہے ہیں: وزیراعظم

انوار الحق کاکڑ نے زاراالرٹ موبائل ایپ کااجرا کردیا

اسلام آباد(ویب  نیوز)

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے ہم غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینی بچوں کا ہولو کاسٹ دیکھ رہے ہیں۔زارا الرٹ ایپ کے اجرا کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا حکومت بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے اور بچوں کی فلاح و بہود کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، معاشرے کے تمام طبقات کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کے حقوق کے لیے ریاست کریں۔وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا اس وقت غزہ کے بچے میرے ذہن میں ہیں، ہم غزہ میں فلسطینی بچوں کا ہولو کاسٹ دیکھ رہے ہیں، فلسطینی بچوں کا ہولو کاسٹ فوری طور پر روکا جائے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی ریاست سمجھتی ہے کہ وہ ملٹری کی وجہ سے بہت طاقتور ہے لیکن پیشہ ورانہ افواج مقابل فوجوں سے لڑتی ہیں نہتے بچوں کا قتل عام نہیں کرتیں، نہتے بچوں کا قتل حقوق انسانی اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔نگران وزیراعظم کا کہنا تھا غزہ میں ہونے والے واقعات کو مذہب سے ہٹ کر انسانی حقوق کے تناظر میں دیکھا جائے، ہم غزہ کے بچوں کے سامنے شرمندہ ہیں، فلسطین میں پیدا ہونے والی صورتحال مستقبل کے تنازعات کی اہم وجہ بنے گی، اس صورتحال کا آنے والی صدیوں میں کبھی دفاع نہیں کیا جاسکے گا، غزہ میں نے والی نسل کشی کے خلاف پاکستان آواز اٹھاتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ بچے ہمارے مستقبل کا اثاثہ ہیں زارا الرٹ ایپ کا اجرا بچوں کے حقوق کے تحفظ میں معاون ثابت ہوگا۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے زاراالرٹ موبائل ایپ کااجرا کردیا۔ نگران وزیراعظم نے پیر کو یہاں بچوں کے عالمی دن کے موقع پر زارا الرٹ(زیڈ اے آر آر اے) موبائل ایپ کااجراکیا جس کے ذریعے گمشدہ بچوں کی فوری بازیابی کو ممکن بنایا جا سکے گا۔اس سال وزارت انسانی حقوق بچوں کا عالمی دن اس عہد کے ساتھ منا رہی ہے کہ ہمارے بچوں کی ہر طرح سے حفاظت ہمارا قومی فریضہ ہے۔ دنیابھر میں 20 نومبر کو عالمی یوم اطفال منایا جاتاہے جس میں اس بات کا اعادہ کیاجاتاہے کہ بچے ہمارا قیمتی سرمایہ ہے اور ان کو ایک محفوظ ماحول دینا ہماری ذمہ داری ہے۔۔