توشہ خانہ ریفرنس فیصلے کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل پر آئندہ ہفتے فیصلہ کردینگے، اسلام آباد ہائیکورٹ
یاد دہانی کیلئے بہت شکریہ، کافی معاملات ایک ساتھ چل رہے ہیں،چیف جسٹس عامر فاروق کا وکیل بیرسٹر گوہر سے مکالمہ
اسلام آباد ( ویب نیوز)
اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے توشہ خانہ ریفرنس فیصلے کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل واپس لینے کی درخواست پر اگلے ہفتے فیصلہ سنانے کی یقین دہانی کرادی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے اپیل واپس لینے کی درخواست پر اعتراضات کے ساتھ سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس عامر فاروق نے بیرسٹر گوہرسے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ یاد دہانی کیلئے بہت شکریہ گوہر صاحب، کافی سارے معاملات ایک ساتھ چل رہے ہیں، آئندہ ہفتے آپ کی درخواست پر فیصلہ کردیں گے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ 18 جنوری کو اپیل واپس لینے کی متفرق درخواست دائر کی، 13 ستمبر کو عدالت نے فریقین کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تاہم دو ماہ 10 دن سے فیصلہ نہیں آیا، لہذا عدالت جلد فیصلہ سنائے۔ خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے 21 اکتوبر 2022 کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے بعد میں اپیل واپس لینے کی درخواست دائر کی تھی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد 13 ستمبر کو توشہ خانہ ریفرنس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کے خلاف اپیل واپس لینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی اسلام آباد ہائی کورٹ سے اپیل واپس لے کر لاہور ہائی کورٹ کیس چلانا چاہتے ہیں۔