غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہداء کی تعداد 3صحافیوں سمیت 240ہوگئی،650زخمی
اسرائیل نے خطے میں جنگ کا دائرہ خطے میں پھیلا دیا، دمشق کے مضافاتی علاقے اور لبنانی سرحد پر بھی حملے کردئیے
غزہ میں 400 سے زائد اہداف پر حملے کیے، فضائی، بحری اور زمینی افواج اس کارروائی کا حصہ بنیں، اسرائیلی فوج
صیہونی افواج نے حملے کرکے اپنے ہی یرغمالی شہریوں کو بھی قتل کردیا، اسرائیل نے حماس کی قید میں 6یرغمالیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی
غزہ( ویب نیوز)
عارضی جنگ بندی کے بعد غزہ پر اسرائیل کی دوبارہ بمباری میں شہداء کی رعداد 3صحافیوں سمیت240 فلسطینی ہوگئی جبکہ 650زخمی ہیں،اسرائیل نے خطے میں جنگ کا دائرہ خطے میں پھیلا تے ہوئے شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافاتی علاقے اور لبنانی سرحد پر بھی حملے کردئیے۔ شامی علاقے پر اسرائیلی حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے روس کا کہنا ہے کہ کہ دمشق پر اسرائیلی حملہ شام کی خودمختاری کی خلاف ورزی اورعالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ اسرائیلی افواج کی جانب سے لبنانی سرحد کوبھی نشانہ بنایا گیا جس میں 3لبنانی شہری شہید ہوگئے، اسرائیلی حملوں کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے حزب اللہ نے بھی ایک گھنٹے میں اسرائیل پر 5 حملے کردیے۔ دوسری جانب غزہ میں 7روزہ عارضی جنگ بندی کے بعد اسرائیل افواج نے ایک بار پھر بربریت کا مظاہرہ شروع کردیا، اسرائیلی بمباری سے 3صحافیوں سمیت240افراد شہید جبکہ 650زخمی ہوگئے۔ اسرائیل نے خان یونس اور رفاح سمیت مختلف علاقوں میں 400سے زائد مقامات پر بمباری کے علاوہ رفاح کے راستے فلسطینیوں کی امداد بھی بند کردی۔ غزہ پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں حماس نے بھی اسرائیلی شہروں پردرجنوں جوابی راکٹ حملے کیے جس کے باعث تل ابیب میں بھی سائرن بج اٹھے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے حماس کے خلاف جنگ بندی ایک روز قبل ختم ہونے کے بعد سے غزہ میں دہشت گردوں کے 400سے زائد ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی، بحری اور زمینی افواج اس کارروائی کا حصہ بنیں، جنگی طیاروں نے خان یونس کے علاقے میں حملے میں 50 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی افواج نے حملے کرکے خود اپنے ہی یرغمالی شہریوں کو بھی قتل کردیا، اسرائیل نے حماس کی قید میں موجود 6یرغمالیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔ بفرزون بنانے کی آڑ میں اسرائیل کی جانب سے شمالی غزہ پر قبضے کی بھی کوشش شروع کردی گئی ہیں، اسرائیل کا کہنا ہے کہ عرب ممالک کو غزہ میں بفرزون بنانے کے منصوبے سے آگاہ کردیا ہے۔