مردان اورصوابی میں شیرافضل مروت سمیت 125رہنمائوں اور کارکنوں کیخلاف مقدمات درج
مقدمات میں پولیو مہم میں رکاوٹ ڈالنے ،روڈ بندش، دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی دفعات شامل
مردان میںدرج مقدمہ میں 104اورصوابی میں 21کارکنوں نامزدکیا گیا
مردان صوابی( ویب نیوز)
مردان اور صوابی میں تحریک انصاف کے رہنما شیرافضل مروت سمیت125 رہنمائوں اور کارکنوں کیخلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور دیگرالزامات پر مقدمات درج کر لئے گئے ۔مردان پولیس کے مطابق پی ٹی آئی رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا گیا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر شیرافضل مروت سمیت 104رہنما اور کارکن نامزد کئے گئے ۔مقدمے میں پولیو مہم میں رکاوٹ ڈالنے اور روڈ بندش کی دفعات شامل ہیں جبکہ مقدمہ ایس ایچ او تھانہ جبر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔دوسری جانب صوابی میں بھی شیرافضل مروت سمیت پی ٹی آئی کے 21 رہنمائوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ۔صوابی پولیس کے مطابق مقدمہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ۔اس حوالے سے سے پولیس نے کہا کہ پی ٹی آئی عہدیداروں اور کارکنوں نے گزشتہ روز ورکرز کنونشن میں شرکت کی تھی۔