عام انتخابات کیلئے ملک بھر میں کاغذات نامزدگی کا اجرا شروع
راولپنڈی سے پہلے روز 39 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کر لیے
کاغذات نامزدگی 20 سے 22 دسمبر تک جمع کروائے جا سکتے ہیں،الیکشن کمیشن
انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز، کاغذات نامزدگی اجرا کے حوالے سے ہدایت نامہ جاری
راولپنڈی( ویب نیوز)
عام انتخابات 8 فروری 2024 کے لیے ملک بھر میں کاغذات نامزدگی کا اجرا شروع کر دیا گیا۔ آئندہ انتخابات کے لیے ضلع راولپنڈی کی 7 قومی ور 14 صوبائی سیٹوں کے لیے کاغذات نامزدگی کا اجرا شروع ہوگیا ہے جس سے انتخابی گہما گہمی بھی شروع ہوگئی۔ راولپنڈی کی 7 قومی اور 14 صوبائی سیٹوں کے لیے 21 ریٹرننگ وار 43 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران ہیں۔ راولپنڈی سے پہلے روز اب تک 39 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کر لیے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کے لیے 100 روپے فیس مقرر ہے جبکہ شناختی کارڈ ہونا بھی لازمی ہے۔ تمام ریٹرننگ افسران کے دفاتر کے باہر سیکیورٹی سخت کر دی گئی، ریٹرننگ افسران کے دفاتر کے 100 میٹر اطراف پر ریلی، نعرہ بازی، جلسہ جلوس وار اسلحہ لہرانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اسلام آباد کی تین قومی اسمبلی کی سیٹوں کے لیے بھی کاغذات نامزدگی کا اجرا شروع ہوگیا ہے، قومی اسمبلی کی تین سیٹوں کے لیے بھی تین ریٹرننگ افسران تعینات ہیں۔ این اے 46 کے ریٹرننگ افسر کامران علی چیمہ، این اے 47 کے ریٹرننگ افسر عثمان اشرف اور این اے 48 کے ریٹرننگ افسر محمد عبداللہ محمود ہیں۔ کاغذات نامزدگی فارم وصول کرنے کے لیے امیدواروں کی گہما گہمی لگی ہوئی ہے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کے لیے ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔
ملک میں انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز ہوگیا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان نے8 فروری 2024 کے عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی لینے والے امیدواروں کے لیے ہدایت نامہ جاری کر دیا ۔الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی کا ایک فارم حاصل کرنے کی فیس 100 روپے ہے،کاغذات نامزدگی 20 سے 22 دسمبر تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔امیدوار مختلف تجویز اور تائید کنندگان کے ساتھ 5 کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتا ہے،امیدوار کوقومی اسمبلی کی نشست کے لئے ناقابل واپسی 30 ہزار روپے فیس جمع کروانا ہو گی۔ صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے امیدوار کو 20 ہزار روپے فیس جمع کرانی ہوگی، الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی آراوسے صبح 8 سے دوپہر 3 بجے تک حاصل کئے جا سکتے ہیں۔کاغذات نامزدگی کے ساتھ تجویزو تائید کنندہ کے شناختی کارڈ کی مصدقہ نقول منسلک کرنا ہو گی، تجویز اور تائید کنندہ کو اپنا ووٹر سرٹیفکیٹ بھی جمع کروانا ہوگا۔امید وار گزشتہ تین سال کا انکم ٹیکس ریٹرن کا غذات نامزگی کے ساتھ منسلک کرے گا اس کے علاوہ امیدوار کی جانب سے پاسپورٹ کی مکمل نقل کاغذات نامزدگی کے ساتھ منسلک کی جائے گی۔