30 سال میں سیاسی مخالفین کے مقابلے میں نواز شریف کی معاشی کارکردگی بہترین رہی،بلوم برگ
حالیہ سروے میں بانی پی ٹی آئی 57 فیصد اور نواز شریف مقبولیت میں 52 فیصد پر ہیں، گزشتہ چھ ماہ میں نواز شریف کی مقبولیت میں 36 فیصد اضافہ ہوا
عوام نواز شریف کو شک کا فائدہ دے رہے ہیں، انتخابات جیتنے والی کسی جماعت کے لیے آگے کا سفر آسان نہیں ہو گا، معاشی تجزیاتی رپورٹ
واشنگٹن ( ویب نیوز)
امریکی جریدے بلوم برگ نے معاشی تجزیاتی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کے مقابلے میں نواز شریف نے بہترین معاشی کارکردگی دکھائی۔بلوم برگ کا اپنی رپورٹ میں کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران نواز شریف نے بہترین انداز میں معیشت سنبھالی، 30 سال میں سیاسی مخالفین کے مقابلے میں نواز شریف کی معاشی کارکردگی بہترین رہی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معاشی مشکلات میں نواز شریف نے پی ٹی آئی اور پی پی پی سے بہتر کارکردگی دکھائی، مزری انڈیکس میں مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر معاشی مشکلات کو دیکھا جاتا ہے، معاشی مشکلات کو دیکھ کر کسی حکومت کی معاشی کارکردگی کا تجزیہ اور موازنہ کیا جاتا ہے۔اپنی رپورٹ میں بلوم برگ کا کہنا ہے کہ 1990 سے اب تک سیاسی حکومتوں کی معاشی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، بانی پی ٹی آئی اب بھی مقبول سیاستدان ہیں لیکن جیل میں ہیں، نواز شریف 8 فروری کو اقتدار کے لئے تیار دکھائی دیتے ہیں، حالیہ سروے میں بانی پی ٹی آئی 57 فیصد اور نواز شریف مقبولیت میں 52 فیصد پر ہیں، گزشتہ چھ ماہ میں نواز شریف کی مقبولیت میں 36 فیصد اضافہ ہوا۔بلوم برگ نے رپورٹ میں کہا کہ مہنگائی 30 فیصد کے قریب ہے، گزشتہ برس فارن ایکسچینج ریزروز انتہائی بری حالت میں تھے، پاکستان اس وقت آئی ایم ایف کے بیل آٹ پیکج پر انحصار کر رہا ہے، آنے والی حکومت کو عوام میں غیرمقبول پالیسیوں کو اختیار کرنا پڑ سکتا ہے، سبسڈیز کا خاتمہ اور ٹیکسوں میں اضافہ کرنا پڑ سکتا ہے، رواں مالی سال میں آئی ایم ایف کو پاکستانی معاشی ترقی 2 فیصد رہنے کی توقع ہے۔بلو مبرگ اکنامکس رپورٹ میں انوک شکلہ نے تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام نواز شریف کو شک کا فائدہ دے رہے ہیں، انتخابات جیتنے والی کسی جماعت کے لیے آگے کا سفر آسان نہیں ہو گا، مہنگائی ریکارڈ بلندی پر ہے اور بے روزگاری بڑھ چکی ہے۔