پی ٹی آئی کا پارٹی قیادت کو سزا سنانے کے فیصلہ کو اعلی عدلیہ میں چیلنج کرنے کا اعلان
اعلی عدلیہ سے انصاف ملنے کی پوری امید ہے ترجمان
اسلام آباد ( ویب نیوز)
پارٹی رہنما عمر ایوب نے سائفر کیس میں بانی چیئرمین اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی کو سنائی جانے والی سزا پر عوام کو پرامن رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ ‘قانون کی حکمرانی’ کے اصول کی پاسداری کی ہے، عدالت کا فیصلہ ہمیں اس اصول کو آگے بڑھانے سے نہیں روک سکتا، پی ٹی آئی کارکنان پرسکون رہیں اور کسی بھی ایسی سرگرمی میں ملوث نہ ہوں جس سے پرامن جدوجہد کے ہمارے روایتی موقف کو نقصان پہنچے۔ عمر ایوب نے کہا کہ ہم اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کریں گے اور اپنی قانونی جنگ جاری رکھیں گے، ہمیں اپنی تمام طاقت اس بات کو یقینی بنانے میں 8 فروری 2024 کو استعمال کرنی چاہیے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے نامزد امیدوار بھاری اکثریت کے ساتھ اسمبلیوں میں واپس آئیں، پی ٹی آئی پاکستان کو جمہوری راستے پر گامزن کرنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی تاکہ قانون اور آئین کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ترجمان تحریک انصاف نے سائفر مقدمے میں سنائی جانے والی سزا کوغیرقانونی اور ظالمانہ قراردید یا اور کہا ہے کہ مکمل طور پر مسترد کر تے ہیں۔ ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اعلی عدلیہ سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔نہایت بے رحمی سے انصاف کو موت کے گھاٹ اتارا گیا ہے، رؤف حسن نے کہا کہ ظالمانہ سزائیں سنائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، فیصلہ قانون و انصاف کی بنیادوں سے محروم ہے جو عدل کی کسی میزان پر ٹھہر نہیں پائے گا۔تحریک انصاف کی بے پناہ مقبولیت سے خوفزدہ عناصر نے دستور اور بنیادی حقوق پر شب خون مارنے کے بعد ملک کا پورا نظامِ انصاف تباہی کی بھینٹ چڑھا دیا ہے۔عوام کے دستوری، قانونی اور جمہوری مینڈیٹ کی حامل حکومت پر سازش کے ذریعے ماری جانے والی شب خون کی پوری روداد اور سائفر کے مندرجات عالمی میڈیا کے ذریعے قوم کے سامنے آچکے ہیں،جواب بھرپور طریقے سے آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر دیں گے تمام تر ظلم اور زیادتیوں کے باوجود بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہدایات اور تعلیمات کی روشنی میں پرامن رہیں گے اور ہر ناانصافی کا بدلہ ووٹ سے لیں گے، لازم ہے کہ عوام اپنے محبوب، نڈر، جری اور بے گناہ قائد کیلئے انصاف کے دروازے کھولنے کیلئے 8 فروری کو گھروں سے نکلیں اور اپنے ووٹ کی طاقت سے ملک میں انصاف کے قتل اور لاقانونیت کے طوفانوں کی راہ روکیں۔صدر کے پی کے تحریک انصاف علی امین گنڈاپور نے ردعمل میں کہا ہے کہ ایک غیر قانونی فیصلے کے ذریعے بانی چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ نا انصافی کی گئی ہے،تاریخ اس سیاہ باب کو یاد رکھے گی،تحریک انصاف اور پوری قوم اس فیصلے کو سختی مسترد کرتی ہے،سائفر کیس میں جن عناصر نے مل کر عمران خان کے خلاف سازش رچائی وہ تمام چہرے اور آلہ کار ایک دن قوم کے سامنے ضرور آئیں گے،ہمیں اعلی عدلیہ سے انصاف ملنے کی پوری امید ہے،عمران خان جس طرح پہلے عدالتوں سے صادق اور امین ثابت ہوچکا اب بھی سرخرو ہوگا اور کامیاب ہوگا، میری عوام سے اپیل ہے کہ بانی چیئرمین کی دی گئی ہدایت کے مطابق پر امن رہیں،عوام نے 8 فروری 2024 کو اپنے ووٹ کے ذریعے اس ناانصافی کا بدلہ لینا ہے