عسکری قیادت چیلنج سے آگاہ ، آئینی مینڈیٹ کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کو تیار ہیں،کورکمانڈرزکانفرنس

سکیورٹی فورسز اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے پرعزم ، دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے قوم اور حکومت کو مشترکہ موقف اپنانے کی ضرورت ہے

نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے طے کردہ مقاصد پر عمل کیا جائے گا، سکیورٹی فورسز مغربی سرحدی علاقوں میں خفیہ آپریشنز کر رہی ہیں

کورکمانڈرزکانفرنس میں درپیش بیرونی اور اندرونی سکیورٹی چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال، آرمی چیف کا دہشت گردی کی باقیات کے خلاف جاری آپریشنز پر اظہار اطمینان

راولپنڈی ( ویب  نیوز)

کورکمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے قوم اور حکومت کو مشترکہ موقف اپنانے کی ضرورت ہے،سکیورٹی فورسز اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہیں ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت 257 ویں کورکمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ کورکمانڈرز کانفرنس میں ملکی داخلی ، سلامتی اور علاقائی صورتحال پر غور کیا گیا جبکہ پاکستان کو درپیش بیرونی اور اندرونی سکیورٹی چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے سربراہ نے دہشت گردی کی باقیات کے خلاف جاری آپریشنز پر اطمینان کا اظہار کیا۔کورکمانڈرز کانفرنس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ تمام عناصر مل کر مقررہ اہداف کے حصول کے لئے منظم کاوشیں کریں گے، عسکری قیادت چیلنج سے پوری طرح سے آگاہ ہے، اپنے آئینی مینڈیٹ کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کو تیار ہیں، اپنی ذمہ داریاں پاکستان کے عوام کی حمایت سے ادا کررہے ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہیں،سکیورٹی فورسز مغربی سرحدی علاقوں میں خفیہ آپریشنز کر رہی ہیں، دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے قوم اور حکومت کو مشترکہ موقف اپنانے کی ضرورت ہے،، دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے کے لئے اجتماعی اپروچ کی ضرورت ہے۔نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے طے کردہ مقاصد پر عمل کیا جائے گا، دہشت گردی کی لعنت کے خلاف تمام فریقین کے ساتھ مل کرمربوط اقدامات کئے جائیں گے۔