این اے46، 47 اور 48 کے امیدواروں کے نوٹیفکیشنز کالعدم قرار دینے کی درخواستیں مسترد
اسلام آباد ہائیکورٹ نے تینوں درخواستوں پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیئے
اسلام آباد( ویب نیوز)
اسلام آباد ہائیکورٹ نے این اے 46، 47 اور 48 کے امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کے حوالے سے پی ٹی آئی کے امیدواروں کی استدعا مسترد کردی۔ عدالت نے تینوں درخواستوں پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے شعیب شاہین، علی بخاری اور عامر مغل کی درخواستوں پر سماعت کی ۔شعیب شاہین نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسر کو حتمی نتائج جاری کرنے سے روکا۔ الیکشن کمیشن کے آرڈر کے بعد ہم مطمئن ہوگئے۔ آر او نے اس کے باوجود حتمی نتائج دئیے۔ الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن بھی کردیا۔چیف جسٹس نے پوچھا کیا الیکشن کمیشن میں اسٹے کا نوٹس تاحال زیر التوا ہے۔ شعیب شاہین نے بتایا بالکل الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسر سے تین دن میں رپورٹ مانگی تھی۔ بعد میں الیکشن کمیشن میں اس پر کوئی سماعت ہی نہیں ہوئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے تینوں درخواستوں پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیئے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کیس کو کل صبح کے لیے رکھ لیتے ہیں۔ میں نے اپنا ذہن بتا دیا ہے۔ الیکشن کمیشن ہی ہے جس نے سب کچھ کیا ہے۔ نوٹیفکیشن سے پہلے بے ضابطگیوں کی درخواستوں پر فیصلہ ہونا ضروری تھا۔ معاملہ زیر التوا تھا تو نوٹیفکیشن کیسے کردیا گیا۔ سماعت ایک دن کے لیے ملتوی کردی گئی۔۔