غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحیت جاری، مزید 112 فلسطینی شہید
حملے کے دوران نصر ہسپتال کی بجلی منقطع ہونے کے باعث انتہائی نگہداشت وارڈ میں 5 مریض دم توڑ گئے
عالمی عدالت انصاف کا رفح کی صورت حال کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے فوری جنگ بندی پر زور
غزہ( ویب نیوز)
غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحیت جاری ہے، 24 گھنٹوں کے دوران مزید 112 فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا۔ غزہ کے شمال مشرقی علاقوں میں اسرائیلی فوج نے تازہ حملوں میں مزید 20 فلسطینیوں کی جان لے لی۔اسرائیلی افواج نے جنوبی غزہ کے آخری بڑے نصر ہسپتال پر اسرائیلی شہریوں کے قید ہونے کا جواز بنا کر دھاوا بول دیا۔حملے کے دوران نصر ہسپتال کی بجلی منقطع ہونے کے باعث انتہائی نگہداشت وارڈ میں 5 مریض دم توڑ گئے۔24 گھنٹوں کے دوران 112 فلسطینی اسرائیلی دہشت گردی کا نشانہ بنے جس کے بعد شہدا کی مجموعی تعداد 28 ہزار 775 ہوگئی۔ادھر عالمی عدالت انصاف نے رفح کی صورت حال کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے فوری جنگ بندی پر زور دیا ہے۔امریکی صدر جوبائیڈن نے ایک بیان میں کہا کہ انہیں امید ہے اسرائیل رفح پر زمینی آپریشن نہیں کرے گا۔۔عرب میڈیا کے مطابق امریکہ، برطانیہ اور فرانس کی جانب سے رفح پر مجوزہ حملے پر اظہار تشویش کے باوجود اسرائیل اپنے اس منصوبے سے پیچھے ہٹنے کا نام نہیں لے رہا، ہٹ دھرم اسرائیلی وزیر خارجہ یسرائیل کاٹز نے اعلان کیا ہے کہ تل ابیب فلسطینی پناہ گزینوں کے متعلق قاھرہ کے ساتھ ہم آہنگی قائم کرے گا، ہم ایک ایسا راستہ تلاش کر لیں گے جو مصر کے مفادات کو مد نظر رکھنے پر مشتمل ہوگا۔وزیر نے میونخ سکیورٹی کانفرنس میں کہا کہ رفح میں فوجی آپریشن شروع کرنا ضروری ہے وہاں حماس کو نہیں چھوڑا جا سکتا۔خیال رہے امریکہ کی قیادت میں بین الاقوامی برادری اسرائیل کو رفح میں بڑے پیمانے پر حملہ کرنے سے روکنے کے لیے اپنے مطالبات کو تیز کر رہی ہے، مصر کے ساتھ سرحد کے ساتھ اس شہر میں تقریبا 15 لاکھ فلسطینی محصور ہیں۔امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعرات کو فون پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو شہریوں کی حفاظت کے منصوبے کے بغیر رفح میں آپریشن شروع کرنے سے متعلق خبردار کیا۔امریکی صدر جوبائیڈن نے ایک بیان میں کہا کہ انہیں امید ہے اسرائیل رفح پر زمینی آپریشن نہیں کرے گا۔یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں تقریبا 14 لاکھ افراد بے گھر ہوکر رفح میں جمع ہیں، غزہ کی پٹی کی نصف سے بھی زیادہ آبادی اس وقت پٹی کے 20 فیصد سے بھی کم رقبے پر رہنے پر مجبور ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ 7اکتوبر سے جاری اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں اب تک شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 28 ہزار 775 ہوگئی جبکہ 68 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔۔