رمضان المبارک سے قبل اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں
اسلام آباد کے اتوار بازار میں پیاز 330 روپے کلو ، آلو 74 ، ٹماٹر 160 ، لہسن 540،بھنڈی 320، انگور 420، سیب 340 روپے فی کلو فروخت
کراچی میں پیاز 300، ٹماٹر 200 روپے فی کلو فروخت جبکہ شملہ مرچ کی قیمت ایک دن میں 200 روپے سے 700 روپے فی کلو تک پہنچ گئی
کوئٹہ میں آلو اور پیاز کی فی کلو قیمت میں 20، 20 روپے کا اضافہ ریکارڈ ہوا جس کے بعد آلو 70 روپے کلو اور پیاز 240 روپے کلو ہو گئی
اسلام آباد ،کراچی ،کوئٹہ ( ویب نیوز)
رمضان المبارک سے قبل مہنگائی کا طوفان آ گیا ، اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث تاجروں نے حکومتی پرائس لسٹ کو ہوا میں اڑا دیا ۔ اسلام آبادسمیت مختلف شہروں میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے دور ہو گئیں۔ اسلام آباد کے اتوار بازار میں پیاز 330 روپے کلو ، آلو 74 ، ٹماٹر 160 ، لہسن 540 ،ادرک 680 روپے، کریلا 280 ،بھنڈی 320 ، انگور 420، سیب 340، انار 400 ، امردو 240 اورکھجور 600 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔اس کے علاوہ کیلے فی درجن 240، کینو 300 ، مالٹا 250 ، زندہ مرغی 410 ، چھوٹا گوشت 1400 اوربڑے گوشت کی قیمت 700 روپے فی کلو ہو گئی ۔ کراچی میں پیاز 300، ٹماٹر 200 روپے فی کلو فروخت ہونے لگے جبکہ شملہ مرچ کی قیمت ایک دن میں 200 روپے سے 700 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔کراچی کے بازاروں میں لہسن 1000 ، ادرک 600 ، ہری مرچ 500 روپے کلو اور مرغی کا گوشت 700 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔اس کے علاوہ کوئٹہ میں آلو اور پیاز کی فی کلو قیمت میں 20، 20 روپے کا اضافہ ریکارڈ ہوا ہے جس کے بعد آلو 70 روپے کلو اور پیاز 240 روپے کلو ہو گئی۔