اسرائیلی فوج کی نصیرات کیمپ پر بمباری، 13 خواتین اور بچے شہید
شمالی غزہ میں غذائی قلت کے باعث ایک شیر خوار بچہ اور خاتون شہید ہوگئی
رفع میں ایک رہائشی ٹاور بھی اسرائیلی بمباری سے تباہ ہوگیا
حماس کے سربراہ کی اسرائیل کے اتحادیوں سے غزہ میں جنگ بندی کے لیے بات چیت جاری ہے، اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی
غزہ( ویب نیوز)
اسرائیل فضائیہ کی غزہ کے علاقے نصیرات پناہ گزین کیمپ پر بمباری میں 13خواتین اور بچے شہید ہوئے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر حملے تیز کر دئیے ہیں، غزہ کے علاقے نصیرات پناہ گزین کیمپ میں ہونے والے حالیہ اسرائیلی حملے کے دوران کم از کم 13 خواتین اور بچے شہید ہوگئے جبکہ رفع میں ایک رہائشی ٹاور بھی اسرائیلی بمباری سے تباہ ہوگیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ شمالی غزہ میں غذائی قلت کے باعث ایک شیر خوار بچہ اور ایک خاتون شہید ہوئی جس کے بعد غزہ میں غذائی قلت سے شہید ہونے والوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔دوسری جانب اسرائیل کی انٹیلی جنس ایجنسی نے کہا ہے کہ حماس کے سربراہ کی اسرائیل کے اتحادیوں سے غزہ میں جنگ بندی کے لیے بات چیت جاری ہے۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ پر ہونے والے اسرائیلی حملوں میں تقریبا 30 ہزار 960 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 72ہزار 524فلسطینی زخمی ہوئے ہیں اور درجنوں فلسطینیوں کو اسرائیل نے یرغمال بھی بنایا ہوا ہے۔