اسرائیلی فوج کی خوراک کی تقسیم کے مراکز پر فائرنگ،11شہید اور 105زخمی

خوراک مرکز پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارے اونرا کا ایک اہلکار بھی جاں بحق ہوا

غزہ میں انسانی امدادی اہلکاروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے،امریکا کا اسرائیل پر زور

 اسرائیل سے کہاجائے کہ غزہ میں امداد کی فراہمی بڑھائے ورنہ امریکا کی فوجی امداد سے محروم ہو جائے، 8 سینیٹرزکاصدر بائیڈن کو خط

اسرائیل غزہ میں بھوک کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کررہا ہے، یورپی یونین

غزہ( ویب  نیوز)

اسرائیلی فوج نے رفح میں خوراک کی تقسیم کے ایک مرکز جب کہ دوسرے علاقے میں خوراک لینے کے لیے قطار میں کھڑے فلسطینی پناہ گزینوں کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا۔عرب میڈیا کے مطابق پہلا واقعہ رفح میں خوراک کی تقسیم کے ایک مرکز میں پیش آیا جہاں اسرائیلی فوج نے بھیڑ پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارے اونرا کے اہلکار سمیت 5فلسطینی شہید اور 22زخمی ہوگئے۔اسی طرح رفح میں ہی ایک اور مقام پر خوراک کے لیے قطار بنائے فلسطینیوں پر بھی اسرائیلی فوج نے فائرنگ کردی جس میں 6فلسطینی شہید اور 82زخمی ہوگئے۔امریکا کی جانب سے اسرائیل پر زور دیا گیا ہے کہ غزہ میں انسانی امدادی اہلکاروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ دوسری جانب 8 امریکی سینیٹرز نے بھی اسرائیل کو الٹی میٹم دینے کیلئے صدر بائیڈن کو خط لکھ دیا ہے، خط میں زور دیا گیا ہے کہ اسرائیل سے مطالبہ کیا جائے کہ غزہ میں امداد کی فراہمی بڑھائے ورنہ امریکا کی فوجی امداد سے محروم ہو جائے۔ ادھر یورپی یونین کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ میں بھوک کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کررہا ہے۔یاد رہے کہ غزہ میں اسرائیل کی مسلسل بمباری کے باعث 23لاکھ فلسطینی اپنے گھر بار چھوڑ کر رفح میں پناہ لینے پر مجبور ہیں جو خوراک اور روز مرہ کی بنیادی چیزوں کے لیے امدادی اداروں کے محتاج ہوکر رہ گئے ہیں۔اسرائیلی فوج کی جارحیت سے یہ معصوم فلسطینی خواتین اور بچے بھی محفوظ نہیں۔ خوراک لینے کے لیے امدادی مراکز آنے والے نہتے شہریوں کو بھی فائرنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں 5لاکھ 76ہزار یعنی آبادی کا ایک چوتھائی حصہ قحط کے دہانے پر ہیں جبکہ اسرائیلی فوج کی پابندیوں کے باعث خوراک اور امدادی سامان کی ترسیل کا عمل نہایت سست روی کا شکار ہے۔جس پر پناہ گزین فلسطینیوں کو خوراک اور امداد ہیلی کاپٹرز کے ذریعے فضا سے ان کی چھتوں پر پھینک کر فراہم کیا جا رہا تھا۔ اس دوران امدادی سامان کا بھاری پیکٹ ایک خاندان پر گرنے سے 5 فلسطینی جاں بحق اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔