دورانِ پرواز 28 منٹ تک سونے پر 2انڈونیشن پائلٹس معطل
طیارہ بحفاظت لینڈ کرنے میں کامیاب ہوگیا ،خوش قسمتی سے تمام 153مسافر اور عملے کے ارکان محفوظ رہے
جکارتہ( ویب نیوز)
پرواز کے دوران 2انڈونیشن پائلٹس 28منٹ تک سوتے رہے، معاملہ سامنے آنے پر حکام نے پائلٹس کو عارضی طور پر معطل کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردیں۔ برطانوی نشریاتی ادارہ کی رپورٹ کے مطابق 25 جنوری کو یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب انڈونیشیا کی مقامی ایئرلائن باٹک ایئر کا طیارہ سولاویسی سے جکارتہ جارہا تھا۔پرواز کے دوران تقریبا پائلٹس 28منٹ کے لیے سو گئے لیکن طیارہ بحفاظت لینڈ کرنے میں کامیاب ہوگیا اور خوش قسمتی سے تمام 153مسافر اور عملے کے ارکان محفوظ رہے۔32سالہ پائلٹ نے اپنے 28سالہ ساتھی پائلٹ کو ٹیک آف کے تقریبا آدھے گھنٹے بعد طیارے کا کنٹرول سنبھالنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ کچھ دیر کے لیے آرام کرنا چاہتا ہے۔بعدازاں کچھ دیر بعد ساتھی پائلٹ بھی سوگیا، جکارتہ ایئر ٹریفک کنٹرول نے طیارے کے کاک پٹ سے ان کی آخری ریکارڈ شدہ ٹرانسمیشن کے بعد رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ریڈیو پر 28 منٹ تک خاموشی چھائی رہی، جب پائلٹ نیند سے بیدار ہوا تو انہوں نے دیکھا کہ اس کے ساتھ ساتھی پائلٹ بھی سوتا رہا، دونوں پائلٹ کے سونے کے دوران طیارہ اپنے روٹ سے ہٹ گیا تھا۔ اس کے بعد پائلٹوں نے جکارتہ سے آنے والی کالز کا جواب دیا اور طیارے کو بحفاظت لینڈ کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ حکام نے اب اس واقعے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے، انڈونیشیا کے ایئرٹرانسپورٹ کے سربراہ،ایم کرسٹی اینڈہ نے اس بات پر زور دیا کہ باٹک ایئر کو اپنے عملے کے آرام کے وقت پر زیادہ توجہ دینی چاہیے۔ 2019 میں اسی ایئر لائن کا ایک پائلٹ بے ہوش ہوگیا تھا جس کے بعد طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔