کراچی اور لاہور سے حج پروازوں کا آغاز

پہلی حج پرواز پی کے 773 کراچی سے 330 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوگئی

سیرین ایئر لائنز لاہور ایئر پورٹ سے 279 عازمین حج کو لے کر 5 بجکر 10 منٹ پر سعودی عرب کیلئے اڑان بھری

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر عازمین حج کو کو رخصت کرنے کیلئے تقاریب،پھولوں کے ہار پہنائے گئے ،  خصوصی دعا کروائی گئی

لاہور/ کراچی( ویب  نیوز)

پاکستان میں حج آپریشن کا آغاز کراچی سے ہو گیا، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے)کی پہلی حج پرواز پی کے 773 کراچی سے 330 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوگئی۔دوسری جانب لاہور ایئر پورٹ سے بھی حج پروازوں کا آغاز کر دیا گیا، سیرین ایئر لائنز کی پرواز 279 عازمین حج کو لے کر 5 بجکر 10 منٹ پر سعودی عرب روانہ ہوگئی۔کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرعازمین حج کو رخصت کرنے کیلئے ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں حجاج سے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی گئی۔چیف آپریٹنگ آفیسر پی آئی اے امان اللہ قریشی، ڈائریکٹر جنرل بینظیر انکم سپورٹ پروگرام امتیاز شاہ، ڈائریکٹر حج کراچی سجاد حیدر، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے کے حکام نے عازمین کو رخصت کیا۔ لاہور ایئرپورٹ پر عازمین حج کی روانگی سے قبل تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں تقریب میں وزیراعظم کے مشیر مذہبی امور شبیر احمدعثمانی نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں خصوصی دعا کروائی گئی اور عازمین حج کو مبارکباد دی گئی۔ علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ سے حج پرواز 5 بجے روانہ ہوئی، سیرین ائیر لائن کی پرواز 279 عازمین حج کو لیکر سعودیہ عرب روانہ ہوئی جبکہ لاہور ائرپورٹ پر عازمین کی روانگی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ ائرپورٹ پر روانگی سے قبل عازمین حج کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور رشتہ داروں اور ائر پورٹ انتظامیہ نے عازمین کو الوداع کیا۔ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ حج آپریشن کیلئے پی آئی اے کے بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیارے استعمال کر رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق رواں برس پی آئی اے 320 خصوصی حج اور شیڈول پروازوں کے ذریعے 65 ہزار سے زائد عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔ قبل از حج آپریشن 22 جون تک جاری رہے گا جبکہ بعد از حج آپریشن 2 جولائی سے 2 اگست تک مکمل ہوگا۔ پی آئی اے 40 ہزار 700 عازمین کو حجاج مقدس پہنچائے گا، سعودیہ ائیر لائنز کے ذریعے 36 ہزار عازمین حج سعودیہ عرب پہنچیں گے، ائیربلو 2 ہزار 250 جبکہ سرین ائیر لائن 2 ہزار 280 عازمین کو لے کر سعودیہ عرب کے لئے آڑان بھرے گی۔ لاہور سے17 ہزار 629، کراچی سے 17 ہزار 630، اسلام آباد سے 26 ہزار 232، ملتان سے 6 ہزار 582، کوئٹہ سے 4 ہزار 50، سیالکوٹ سے 4 ہزار 484، فیصل آباد سے 3 ہزار 251، رحیم یار خان سے 468، سکھر سے 941  عازمین سعودیہ عرب جائیں گے۔ پاکستان سے اس سال81 ہزار 230  عازمین حج کا فریضہ ادا کریں گے۔ترجمان کے مطابق پی آئی اے حج آپریشن کی پروازیں کراچی لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور، سیالکوٹ، فیصل آباد، سکھر اور رحیم یار خان سے آپریٹ ہوں گی۔سی ای او پی آئی اے نے تمام ڈیپارٹمنٹس، پاکستان اور سعودی عرب میں تعینات حج ٹیموں کو عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔وزیر مذہبی امور طلحہ محمود نے امید ظاہر کی ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی حجاج کا خاص خیال رکھا جائے گا۔