وزیرِ اعظم کی ملکی آئی ٹی برآمدات بڑھانے کیلئے جامع روڈ میپ بنا کر پیش کرنے کی ہدایت

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو جون 2023 میں وزیرِ اعظم کی جانب سے دیئے گئے آئی ٹی پیکیج پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا

ملک میں اربوں ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے اقدامات کریں گے،شہبازشریف

اسلام آباد( ویب  نیوز)

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملکی آئی ٹی برآمدات بڑھانے کیلئے جامع روڈ میپ بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔ محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا ،اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیرِ اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ احد خان چیمہ، وزیرِ مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ، گورنر سٹیٹ بنک جمیل احمد، شہزاد سلیم اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی ،اجلاس کو ملک میں آئی ٹی شعبے کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا،اجلاس میں وزیرِ اعظم کو جون 2023 میں وزیرِ اعظم کی جانب سے دیئے گئے 5 ارب کے آئی ٹی پیکیج پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ دورِ حکومت میں وزیرِ اعظم کی خصوصی توجہ کی بدولت آئی ٹی شعبے کی برآمدات میں گزشتہ برس کے مقابلے رواں برس کے پہلے 7 ماہ میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ڈیجی-سکلز پروگرام کے تحت اس وقت 17 بیچز میں تقریبا 40 لاکھ طلبا و طالبات کو آئی ٹی کی ٹریننگ دی جا چکی ہے جس میں 28 فیصد تعداد خواتین کی ہے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ فری لانسزر کی تعداد کے حوالے سے پاکستان دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے،پاکستان اپنی آئی ٹی مصنوعات 170 ممالک کو برآمد کرتا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ برس، پاکستانی سٹارٹ اپس میں 400 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ،وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان کے آئی ٹی شعبے میں سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافے کیلئے تمام ضروری قانونی و پالیسی اقدامات اٹھائے جائیں.وزیرِ اعظم نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے نوجوانوں کی پیشہ ورانہ و تکنیکی تربیت کے منصوبوں پر کام تیز کیا جائے۔اجلاس کو آئی ٹی، ای روزگار، سٹارٹ اپس، سائبر سکیورٹی، ٹیلی کام سیکٹر اور ملک میں 5-جی کے اجرا پر پیش رفت و اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو ملکی آئی ٹی برآمدات میں اضافے کیلئے ایک واضح روڈ میپ بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں اربوں ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے اقدامات کریں گے ،نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں تعلیم و ہنر اور سٹارٹ اپس کو درکار سہولیات فراہم کریں گے ،گزشتہ دور حکومت میں آئی ٹی کی صنعت کیلئے جن منصوبوں کا آغاز کیا ان کے مثبت نتائج آرہے ہیں، سٹارٹ اپس، فری لانسرز اور آئی ٹی کمپنیوں کے بنکاری سے متعلق تمام مسائل کو حل کیا ،رواں برس آئی ٹی برآمدات کا متوقع حجم 3 ارب ڈالر سے ذیادہ ہے، جو خوش آئند ہے مگر ہمیں اس میں اضافہ کرنا ہے ،سپیشل ٹیکنالوجی زونز کے حوالے سے بھی ایک جامع رپورٹ مرتب کرکے پیش کی جائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے آئی ٹی کے شعبے کو بین الاقوامی معیار پر لانے کیلئے خوب محنت کرنا ہوگی۔