سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات جمع کرانے کا عمل مکمل
امیدواروں کی حتمی فہرست 27 مارچ کو آویزاں کی جائے گی
۔انتخابات کے لیے پولنگ پارلیمان اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی
اسلام آباد (ویب نیوز)
سینیٹ کے 2 اپریل کو ہونے والے انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل مکمل ہوگیا۔ اسلام آباد کی 2 نشستوں کے لیے 4 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے۔اسحق ڈار اور رانا محمود الحسن ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ امیدوار ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے فرزند شاہ اور سردار محمد مصروف کو میدان میں اتارا گیا ہے۔پنجاب کی 12 نشستوں پر کاغذات جمع کرائے گئے۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے احد چیمہ، پرویز رشید، مصدق ملک جبکہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے حامد خان، زلفی بخاری، یاسمین راشد اور صنم جاوید کاغذات جمع کرانے والوں میں شامل ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آزاد امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔سندھ کی 12 نشستوں کے لیے 29 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔پیپلزپارٹی کے امیدوار وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی قیادت میں الیکشن کمیشن آفس پہنچے۔ ایم کیو ایم پاکستان، تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کے علاوہ فیصل واڈا نے بھی آزاد حیثیت میں کاغذات جمع کرائے۔بلوچستان سے 11 نشستوں کے لیے سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ، ایمل ولی خان، جان بلیدی، مولانا عبدالواسع، سردار عمر گورگیج سمیت 36 اہم سیاسی شخصیات نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔خیبرپختونخوا سے ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں کے لیے 10، 7 جنرل نشستوں کے لیے 25 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے جبکہ خواتین کی 2 نشستوں پر بھی 7 امیدوار میدان میں ہیں۔واضح رہے کہ 14 مارچ کو الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی 48 نشستوں پر 2 اپریل کو انتخابات کرانے کا شیڈول جاری کیا تھا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کروائے جانے کے بعد ان کی جانچ پڑتال 19 مارچ تک کی جائے گی۔نوٹی فکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 25 مارچ تک نمٹائی جائیں گی، جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 27 مارچ کو آویزاں کی جائے گی۔انتخابات کے لیے پولنگ قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔یاد رہے کہ 11 مارچ کو سینیٹ کی نشستیں خالی ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے ان پر انتخابی شیڈول 14 مارچ کو جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔