غزہ ،اسرائیلی حملوں میں مزید 100 سے زائد فلسطینی شہید، الشفا ہسپتال خالی کرنے کی وارننگ جاری
مقبوضہ مغربی کنارے میں نور شمس پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی ڈرون حملے میں دو فلسطینی شہید ہو گئے ہیں
اسرائیلی فوج نے سینٹرل غزہ کے نصیرت کیمپ میں ایک گھر پر حملہ کیا جس میں 9 فلسطینی شہید ہوگئے
اسرائیلی فورسز نے نور شمس پناہ گزین کیمپ پر چھاپہ مارا، بیت اللحم میں 16 اور 18 سال کی عمر کے دو فلسطینی لڑکے گرفتار
غزہ( ویب نیوز)
غزہ میں اسرائیلی حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 100 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، مقبوضہ مغربی کنارے میں نور شمس پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی ڈرون حملے میں دو فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ غزہ شہر کے الشفا ہسپتال پر اسرائیل کا چھاپہ اور آپریشن چوتھے روز میں داخل ہو گیا ہے جس میں درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے الشفا ہسپتال کو خالی کرنے کی وارننگ جاری کردی ہے۔الجزیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے الشفا ہسپتال میں پناہ لینے والے بے گھر لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ فوری طور پر الشفا میڈیکل کمپلیکس کو خالی کردیں بصورت دیگر اس پربمباری کی جائے گی۔ ادھر اسرائیلی فوج نے سینٹرل غزہ کے نصیرت کیمپ میں ایک گھر پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 9 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ شمالی ساحلی پٹی کی طرف ایک رہائشی بلڈنگ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب رات گئے اسرائیلی فورسز نے نور شمس پناہ گزین کیمپ پر چھاپہ مارا، فلسطینی نیوز ایجنسی کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں نور شمس پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی ڈرون حملے میں دو فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے بیت اللحم کے مغرب میں واقع گاؤں ہوسن سے 16 اور 18 سال کی عمر کے دو فلسطینی لڑکوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ یو این آر ڈبلیو اے کے سربراہ فلپ لازارینی نے خبردار کیا ہے کہ بھوک اور بیماری غزہ میں موت کی سب سے بڑی وجہ بننے کے دہانے پر ہے۔