غزہ میں اسرائیلی فوج کی امداد کے منتظر فلسطینیوں پر فائرنگ، 17افرادشہید، کئی زخمی

اسرائیلی فوج نے کویت راؤنڈ اباؤٹ میں خوراک کے حصول کے لیے جمع فلسطینیوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی

صیہونی طیاروں کی دیر البلاح اور خان یونس پر بھی بمباری،3 فلسطینی شہید ہوئے ، مجموعی تداد 32ہزار 705 ہوگئی،75ہزار سے زائد زخمی ہیں

الشفا ہسپتال پر 13 روزہ کے دوران 400 سے زائد افراد شہید ہوچکے،جن میں مریض، بے گھر فلسطینی اور ہسپتال کا عملہ شامل ہے،اعدادوشمار

غزہ سے سرطان،بمباری کے زخمی،گردوں کے ڈائیلاسزکیمریضوں سمیت 9 ہزار مریضوں کو فوری ہنگامی انخلا کی ضرورت ہے: عالمی ادارہ صحت

 اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے لبنان میں اقوام متحدہ مشن کی گاڑی کے قریب اسرائیلی شیلنگ کی مذمت

عراقی مزاحمتی گروپ کا اسرائیل پر ڈرون حملہ، حملے میں کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاعات کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا ہے

غزہ/نیویارک/بغداد( ویب   نیوز)

غزہ میںاسرائیلی فوج نے امداد کے منتظر فلسطینیوں پر ایک بار پھر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 17افرادشہید اور 30 زخمی ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے کویت راؤنڈ اباؤٹ میں خوراک کے حصول کے لیے جمع فلسطینیوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی، بھگدڑ مچنے سے کئی افراد زخمی بھی ہو گئے، صیہونی طیاروں نے دیر البلاح اور خان یونس پر بھی بم برسائے، دیرالبلاح میں مغازی پناہ گزیں کیمپ پر بھی اسرائیلی حملے میں 3 فلسطینی شہید ہوئے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے میڈیا آفس نے 18 مارچ کو اسرائیل کی جانب سے الشفا ہسپتال میں محاصرہ شروع ہونے کے بعد سے اب تک کے شہید ہونے والے فلسطینیوں کے اعدادوشمار جاری کیے۔اعدادوشمار کے مطابق الشفا ہسپتال پر 13 روزہ اسرائیلی محاصرے کے دوران 400 سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں، جن میں مریض، جنگ سے بے گھر فلسطینی اور ہسپتال کا عملہ شامل ہے۔عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ غزہ سے سرطان،بمباری کے زخمی،گردوں کے ڈائیلاسزکے مریضوں سمیت 9 ہزار مریضوں کو فوری ہنگامی انخلا کی ضرورت ہے ۔دوسری جانب فلسطینی عسکریت پسندوں نے الشفا ہسپتال کے محاصرے کے دوران اسرائیلی فوجیوں اور بکتر بند گاڑیوں پر مارٹر اور راکٹ فائر کیے ہیں۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے لبنان میں اقوام متحدہ مشن کی گاڑی کے قریب اسرائیلی شیلنگ کی مذمت کی ہے۔سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے بھی امن اہلکاروں کی حفاظت ہر صورت یقینی بنانے پر زور دیا۔اسرائیل فوج کے جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ امن مشن کی گاڑی پر حملے میں 4 ارکان زخمی ہوگئے تھے، اقوام متحدہ مشن کا کہنا ہے کہ ان کے اہلکاروں کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔ ادھر عراقی مزاحمتی گروپ نے اسرائیل پر ڈرون حملہ بھی کیا ہے تاہم اس حملے میں کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاعات کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا ہے۔ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 32ہزار 705 فلسطینی شہید اور 75ہزار 190زخمی ہو چکے ہیں۔ حماس کے 7اکتوبر کے حملے میں اسرائیل میں مرنے والوں کی تعداد 1,139ہے۔