ٹی ٹی پی کے تھریٹ الرٹ کے بعد گلگت بلتستان میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی
حساس مقامات اور ریجن کے داخلی راستوں پر چیکنگ بڑھادی گئی ،خواتین پولیس اہلکاروں کے ساتھ جی بی سکائوٹس بھی تعینات
سی ٹی ڈی کی طرف سے بھی سیکیورٹی خطرات کے حوالے سے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے آئی جیز کو خط ارسال کیا گیا
کالعدم ٹی ٹی پی نے مبینہ طور پر 19 اور 21 رمضان کے درمیان حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے،خط کا متن
گلگت بلتستان ( ویب نیوز)
وزارت داخلہ کی جانب سے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)کے جاری کردہ تھریٹ الرٹ کے بعد گلگت بلتستان بھر میں سکیورٹی بڑھا دی گئی۔گلگت بلتستان کے وزیر داخلہ شمس الحق لون کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی کی جانب سے ممکنہ حملوں کے حوالے سے تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے خطے کی حکومت کو سکیورٹی میں اضافہ کرنے کا کہا ہے۔ شمس الحق لون نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے آخری 10 دن حساس سمجھے جاتے ہیں جس کی وجہ ان دنوں میں منعقد کئے جانے والے مذہبی اجتماعات ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے گلگت بلتستان کے آئی جی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ملاقاتیں بھی کی گئی ہیں۔اجلاسوں کے دوران گلگت بلتستان کے حساس مقامات اور ریجن کے داخلی راستوں پر چیکنگ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ خواتین پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان سکائوٹس کو بھی ریجن میں تعینات کیا گیا ۔ دوسری طرف پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی)کی طرف سے بھی سکیورٹی خطرات کے حوالے سے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے آئی جیز کو خط ارسال کیا گیا ۔خط میں بتایا گیا کہ کالعدم ٹی ٹی پی نے مبینہ طور پر 19 اور 21 رمضان کے درمیان حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔