اسرائیلی فوج کا الشفا ہسپتال سے انخلا ، درجنوں لاشیں ملیں، ا لاقصیٰ ہسپتال پربمباری ، 4 فلسطینی شہید
الشفا ہسپتال سے اسرائیلی فوج کے انخلا کے بعد ہسپتال میں بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے، غزہ حکام
ہسپتال کے اندر موجود کمپلیکس، طبی مشینری مکمل تباہ ہوچکی ہیں جبکہ ہسپتال کے قریب گلیوں میں لاشیں بکھری ہوئی ہیں،عرب میڈیا
اسرائیل کا جنوبی لبنان میں فضائی حملہ، حزب اللہ کمانڈر اسماعیل الزین جاں بحق
غزہ جنگ میں 600 اہلکار ہلاک ہوئے ہیں،اسرائیلی فوج نے اعدادو شمار جاری کردیئے
غزہ( ویب نیوز)
اسرائیلی افواج کا الشفا ہسپتال میں جاری آپریشن مکمل ہونے کے بعد انخلا کا عمل شروع ہوگیا،اسرائیلی فوج نے الشفا ہسپتال سے انخلا کی تصدیق کردی، وزارت صحت نے کہا ہے کہ پیر کو کمپلیکس سے درجنوں لاشیں ملی ہیں ۔ عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وسطی غزہ میں الاقصیٰ ہسپتال پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 4 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی افواج کا الشفا ہسپتال میں جاری آپریشن مکمل ہونے کے بعد انخلا کا عمل شروع ہوگیا جس کے بعد ہسپتال میں بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی افواج نے الشفا ہسپتال سے انخلا کی تصدیق کر دی ہے۔ اسرائیلی فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق الشفا ہسپتال میں جاری اسرائیلی فوج کا آپریشن مکمل ہوگیا ہے۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ حکام کا کہنا ہے کہ الشفا ہسپتال سے اسرائیلی فوج کے انخلا کے بعد ہسپتال میں بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ہسپتال کے اندر موجود کمپلیکس، طبی مشینری مکمل تباہ ہوچکی ہیں جبکہ ہسپتال کے قریب گلیوں میں لاشیں بکھری ہوئی ہیں۔ واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے الشفا ہسپتال کے 13 روزہ محاصرے کے دوران 400 سے زیادہ فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے جبکہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق اس محاصرے کے دوران 21 مریض شہید ہوچکے ہیں۔ اسرائیل کے غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری حملوں میں 32 ہزار 782 فلسطینی شہید اور 75 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
اسرائیل کا جنوبی لبنان میں فضائی حملہ، حزب اللہ کمانڈر اسماعیل الزین جاں بحق
اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان کے علاقے میں کیے گئے فضائی حملے میں حزب اللہ کے اہم کمانڈر جاں بحق ہو گئے۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جنوبی لبنان کے گاؤں کونین میں ایک کار کو نشانہ بنایا گیا جس میں حزب اللہ کے تیسرے سینئر کمانڈر اسماعیل الزین سوار تھے، بمباری کے نتیجے میں کار مکمل تباہ ہو گئی، حزب اللہ نے سینئر کمانڈر کی موت کی تصدیق کر دی۔ دوسری جانب اسرائیل فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ اسماعیل الزین حزب اللہ گروپ کے اینٹی ٹینک میزائل یونٹ کے کمانڈر تھے، حزب اللہ کمانڈر ٹینک شکن ہتھیاروں کے میدان میں علم کا مرکز بن گیا تھا اور اسرائیلی اہداف بشمول عام شہریوں کے خلاف درجنوں حملوں کا ذمہ دار تھا۔
غزہ جنگ میں 600 اہلکار ہلاک ہوئے ہیں،اسرائیلی فوج نے اعدادو شمار جاری کردیئے
اسرائیلی فوج نے پیر کے روز غزہ میں ہونے والی اپنی ہلاکتوں کے اعدادو شمار جاری کیے ہیں۔ فوجی بیان کے مطابق چھ ماہ کی جنگ مکمل ہونے سے پہلے ہی 600 اسرائیلی فوجی غزہ میں مزاحمت کاروں کے ہاتھوں مارے گئے ہیں۔ واضح رہے کسی بھی اسرائیلی جنگ میں فوجیوں کی ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے جو اسرائیل کو غزہ میں برداشت کرنا پڑی ہے اور جنگ ابھی جاری ہے۔ تازہ فوجی ہلاکت 20 سالہ ناداو چوہن کی ہوئی ہے۔ جس کے بعد اسرائیلی فوج نے اپنی ہلاکتوں کی تعداد کو 600 ڈکلئیر کیا ہے۔ تاہم اسرائیلی فوج نے اپنے زخمیوں کی تعداد ظاہر نہیں کی ہے۔