اسرائیلی کے غزہ میں خیموں اور ہسپتال پر حملے،6بچوں سمیت 25 فلسطینی شہید،50 زخمی

رفح کے علاقے تل السلطان میں ایک ہسپتال پر حملے میں شہید ہونے والوں میں ایک ڈاکٹر بھی شامل ہیں

غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے بیت حنون میں کھیتوں میں خوراک کی تلاش میں 3 افراد اسرائیلی حملوں میں شہید ہو گئے

گزشتہ تین دنوں میں شمالی غزہ کے کمال عدوان ہسپتال میں پانی کی کمی اور غذائی قلت سے 13 بچے جاں بحق ہوچکے ہیں، وزارت صحت

خان یونس میں حماس سے جھڑپوں میں مزید 3 اسرائیلی فوجی ہلاک ،14 زخمی…

زخمیوں میں سے 5 کی حالت نازک ہے، اسرائیلی میڈیا کی بھی 3 فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق

غزہ( ویب  نیوز)

غزہ کے شہر رفح میں فلسطینیوں کے خیموں پر رات گئے اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم6بچوں سمیت 25 فلسطینی شہید ہو گئے، غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ رفح کے علاقے تل السلطان میں ایک ہسپتال کے ساتھ ہونے والے اس حملے میں مزید 50 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ واقعے میں شہید ہونے والوں میں ایک ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔ عینی شاہد نے شناخت ظاہر کرنے سے انکار کرتے ہوئے بتایا کہ خیموں پر براہ راست بمباری کی گئی جہاں لوگ پناہ لے رہے ہیں، بمباری نے ہسپتال کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا جہاں میں اور میرا دوست بیٹھے تھے لیکن یہ ایک معجزہ ہے کہ ہماری جان بچ گئی۔ رہائشیوں اور طبی ماہرین نے بتایا کہ غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے بیت حنون میں کھیتوں میں خوراک کی تلاش میں 3 افراد اسرائیلی حملوں میں شہید ہو گئے۔ اسرائیلی فوج نے فوری طور پر تبصرہ نہیں کیا۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ تین دنوں میں شمالی غزہ کے کمال عدوان ہسپتال میں پانی کی کمی اور غذائی قلت سے 13 بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ہسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اموات میں اضافے کا خطرہ ہے، ڈاکٹر عماد دردونہ نے کہا کہ جب ایک بچے کو دن میں تین وقت کھانا چاہیے اور وہ صرف ایک ہی کھانا کھا سکتا ہے، تو ظاہر ہے کہ بچے غذائی قلت اور اس کی وجہ سے پیدا ہونے والی تمام بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں۔

خان یونس میں حماس سے جھڑپوں میں مزید 3 اسرائیلی فوجی ہلاک ،14 زخمی…

غزہ کے علاقے خان یونس میں حماس نے جھڑپوں میں مزید 3 اسرائیلی فوجی ہلاک کردئیے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حماس نے الزیتون میں صیہونی ٹینکوں پر حملوں کی نئی ویڈیو بھی جاری کردی۔ 2فروری کو جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس میں ایک عمارت میں ہونے والے دھماکے میں 3 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے، جن میں سے 5 کی حالت نازک ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے بھی 3 فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کردی، زمینی کارروائی میں اب تک 245 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔اسرائیلی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فوجی عمارت کا جائزہ لے رہے تھے ،اس دوران حماس نے 2 دھماکا خیز مواد کے ذریعے عمارت کو نشانہ بنایا ۔ یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 30 ہزار 320 فلسطینی شہید اور 71 ہزار 533 زخمی ہو چکے ہیں۔ 7 اکتوبر کے حماس کے حملوں سے اسرائیل میں مرنے والوں کی نظر ثانی شدہ تعداد 1,139 ہے۔