اسلام آباد ہائی کورٹ کا بشری بی بی کو بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم

عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست منظور کرلی ، بنی گالہ کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن کالعدم

اسلام آباد ( ویب  نیوز)  

اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کو بنی گالہ سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے بشریٰ بی بی کی بنی گالا سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست منظور کرلی۔ بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس گل حسن اورنگزیب نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے بنی گالہ کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیدیا۔ عدالت نے بشریٰ بی بی کو بنی گالا سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ عدالت نے 2مئی کو فریقین کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔یاد رہے بشریٰ بی بی نے بنی گالا سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست دائر کررکھی تھی، عدالت کے سامنے جیل حکام نے جیل میں گنجائش نہ ہونے اور سکیورٹی ایشو کی وجہ سے منتقل نہ کرنے کی موقف اختیار تھا۔