ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات میں ایران نے درخواست کی تومدد فراہم کرسکتے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ
 بشکیک سے طلبا اپنی مرضی سے پاکستان واپس آ رہے ہیں، حکومت کو ان کے انخلا کے انتظامات کرنا پڑے
مبینہ ڈرون حملے پر دفتر خارجہ کوئی رائے نہیں دے گا ،اس حوالے سے عامہ آئی ایس پی آر سے رابطہ کیا جائے
 پاکستان آئر لینڈ،ناروے اور سپین کی جانب سے فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کاخیرمقدم کرتا ہے،ممتاز زہرا بلوچ کی پریس بریفنگ

 اسلام آباد (ویب  نیوز) 

دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات میں اگر ضرورت پڑی اور ایران نے درخواست کی توضرور مدد فراہم کرسکتے ہیں، بشکیک سے طلبا اپنی مرضی سے پاکستان واپس آ رہے ہیں۔ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ بشکیک میں پاکستانی طلبا حملوں کے بعد عدم تحفظ اور ٹراما کا شکار ہوئے جس سنسنی خیز انداز میں فیک نیوز اورغلط اطلاعات پھیلائی گئیں اس وجہ سے خوف میں اضافہ ہوا۔ ریپ اور قتل تک کی جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں جن کی وجہ سے طلبا نے حکومت سے درخواستیں کیں۔ترجمان نے کہا کہ طلبا کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے حکومت کو ان کے انخلا کے انتظامات کرنا پڑے۔ طلبا اپنی یونیورسٹیز اور والدین سے مشاورت کے بعد واپس جانے یا نہ جانے کا فیصلہ خود کریں گے، ہمارا مقصد یہ ہے کہ جو طلبا واپس آنا چاہتے ہیں ان کو وطن واپس لایا جائے۔انہوںنے کہا کہ وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے آستانہ سے بشکیک کا دورہ کیا اور پاکستانی طلبا کو درپیش مشکلات سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ ایران ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں دفترخارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ہم ایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ اس دکھ کی گھڑی میں شریک ہیں،ایرانی عوام اور حکومت کے لئے یہ ایک بہت بڑا صدمہ ہے، ایران اس قسم کی تحقیقات میں مہارت رکھتا ہے تاہم اگر ضرورت پڑی اور ایران نے درخواست کی تو ضرور مدد فراہم کریں گے،وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے تعزیت کی۔رواں ہفتہ پاکستانی سفارت کاری کا متحرک ہفتہ تھا، وزیر اعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے سربراہ کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا، یو اے ای کے سربراہ نے مختلف شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی ۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل سارک غلام سرور نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پاکستان کا دورہ کیا اور سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی سے ملاقات کی۔ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا ہے کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان متعدد وفود کا تبادلہ ہوتا ہے، پاکستان اور چین کے درمیان 13 ویں جے سی سی پر بریفنگ دے رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کا آئر لینڈ،ناروے اور سپین کی جانب سے فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کاخیرمقدم کرتا ہے۔جنوبی وزیرستان میں مبینہ ڈرون حملے پر ترجمان دفتر خارجہ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں جاں بحق ہونے والے افراد کے دکھ میں برابر شریک ہیں،ہم ان کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں،مبینہ ڈرون حملے پر دفتر خارجہ کوئی رائے نہیں دے گا ۔اس حوالے سے آئی ایس پی آر سے رابطہ کیا جائے۔