حماس کا جبالیہ کیمپ کی سرنگ میں گھسنے والے اسرائیلی فوجیوں پر حملہ، کئی ہلاک وزخمی ، دیگر گرفتار
 جنگجوؤں نے صہیونی فوج کو ایک سرنگ کے اندر گھات لگانے کیلئے آمادہ کیا، اسرائیلی فوجیوں سے اسلحہ بھی چھین لیاگیا،ترجمان القسام بریگیڈ
 حماس کی جانب سے اسرائیلی فوجی کی گرفتاری کے اعلان کے بعد غزہ ، مغربی کنارے اور بیروت میں بھی جشن منایا گیا

 غزہ (ویب  نیوز)

حماس نے غزہ میں جبالیہ کیمپ کی ایک سرنگ میں گھسنے والے اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کیا،جس میں کئی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے جبکہ دیگر کو گرفتار کرکے قیدی بنا لیا گیا، اسرائیلی فوجیوں سے اسلحہ بھی چھین لیا گیا ہے۔  حماس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سرنگ میں گھسنے والے تمام اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک، زخمی یا گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حماس کے مسلح ونگ عزالدین القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا کہ تنظیم کے جنگجوؤں نے غزہ کے جبالیہ کیمپ میں لڑائی کے دوران متعدد اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کیا اور کئی کو قیدی بنایا۔القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ کا کہنا ہے کہ حماس کے جنگجوؤں نے صہیونی فوج کو ایک سرنگ کے اندر گھات لگانے کے لیے آمادہ کیا اور پھر کئی صیہونی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کردیا جبکہ اسرائیلی فوجیوں کو قیدی بھی بنا لیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کے مسلح ونگ کے ترجمان کی جانب سے قیدی بنائے گئے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق حماس کی جانب سے اسرائیلی فوجی کی گرفتاری کے اعلان کے بعد غزہ میں جشن منایا گیا، مغربی کنارے اور بیروت میں بھی جشن منایا گیا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اپنے کسی بھی فوجی کی گرفتاری کی تردید کی ہے۔