راجوری میں ہلاک ہونے والے بھارتی فوجیوں کی تعداد بڑھ کر 5 ہو گئی

  راجوری کالا کوٹ میں بھارتی فوجی کارروائی میں اب تک دو کشمیری شہید ہوگئے

سری نگر(ویب   نیوز)

مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوری میں ہونے والی جھڑپ میں ہلاک ہونے والے بھارتی فوجیوں کی تعداد بڑھ کر 5 ہو گئی ہے۔ بدھ کے روز دو کیپٹن، دو فوجی ہلاک جبکہ ایک میجر سمیت9 فوجی شدید زخمی ہو گئے تھے جمعرات کو مزید ایک اور بھارتی فوجی ہلاک ہو گیا۔ بھارتی فوج نے  ایک شہری کو بھی شہید کر دیا بدھ کو بھی ایک کشمیری کو شہید کر دیا گیا تھا۔ بھارتی  فوج نے ضلع راجوری کے علاقے کالا کوٹ کے کئی دیہات کو محا صرے میں لے لیا ہے  فوجی آپریشن 72 گھنٹے سے جاری ہے ۔ اضافی فوجی نفری راجوری پہنچ گئی ہے جبکہ  ہیلی کاپٹروں اورڈرون کیمروں کے ذریعے قصبے کی نگرانی کی جارہی ہے ۔ سراغ رساں کتوں کی مدد سے جنگلات میں  تلاشی آپریشن  جاری ہے۔ بدھ کے روز تلاشی آپریشن کے دوران ایک  حملے میںبھارتی فوج کے دو کیپٹن، دو فوجی ہلاک جبکہ ایک میجر سمیت9 فوجی شدید زخمی ہو گئے تھے۔ زخمی ہونے والے نو اہلکاروں کا تعلق ایلیٹ فورس سے تھا۔ ادھر  فوج نے دعوی کیا ہے کہ جموں کے اکھنور علاقے میںہتھیاروں سے بھرے ایک بکس کو بر آمد کیا گیا ہے۔ بھارتی اخبار کے مطابق  اس سال  جموں کے تین اضلاع راجوری ، پونچھ اور ریاسی میں 13 فورسز کے اہلکاراور 22 عسکریت پسند  مارے گئے ، صرف راجوری میں  20 عسکریت پسند اورچھ فورسز اہلکار ہلاک ہوئے۔