الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں سے گزشتہ مالی سال کے گوشوارے طلب کرلئے
اسلام آباد (ویب نیوز)
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں سے گزشتہ مالی سال 24-2023 کے گوشوارے طلب کر لیے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان مالی سال 24-2023 کے لیے گوشوارے 29 اگست 2024 یا اس سے قبل جمع کروائیں۔بیان میں کہا گیا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق سیاسی جماعتوں پر لازم ہے کہ وہ مالی سال کے اختتام کے 60 دن کے اندر کمیشن کو اپنے گوشوارے فارم۔ڈی کو پیش کریں۔اس حوالے سے کہا گیا کہ سیاسی جماعتیں سالانہ آمدنی اور اخراجات، فنڈنگ کے ذرائع، اثاثے اور واجبات کی تفصیلات بھی جمع کروائیں۔الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ پیش کی جانے والی تفصیلات سیاسی جماعت کی آڈٹ رپورٹ ہونی چاہیے جو چارٹرڈ اکانٹنٹ کی طرف سے جاری کی گئی ہو اور اس پر پارٹی سربراہ کے دستخط ہوں۔بیان میں کہا گیا کہ اس بات کی تصدیق ضروری ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت ممنوعہ ذرائع سے پارٹی کو کوئی فنڈ نہیں ملا اور ہدایت کی کہ گوشواروں میں پارٹی کی مالی حالت کے بابت درست معلومات فراہم کی جائیں۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ گوشواروں کی تفصیلات الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق فارم۔ڈی پر جمع کرائی جائیں اور اس سلسلے میں پرنٹ شدہ فارم الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ اسلام آباد اور صوبائی الیکشن کمشنرز کے دفاتر میں مفت دستیاب ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ فارم میں اوور رائیٹنگ قابلِ قبول نہیں جبکہ فارم۔ڈی کے ساتھ یکم جولائی 2023 سے 30 جون 2024 کی مدت کے لیے ہر بینک اسٹیٹمینٹ کی کاپی کے ساتھ بینک ریکنسیلیشن اسٹیٹمینٹ بھی مہیا کرنا ہو گی۔اس سلسلے میں بتایا گیا کہ مذکورہ اسٹیٹمنٹ/فارم بنام سیکریٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان، شاہراہ دستور، سیکٹر جی فائیو / ٹو اسلام آباد پر پارٹی عہدیدار کے ذریعے پہنچایا جائے اور ڈاک، فیکس، کوریئر سروس یا کسی اور طریقے سے موصول ہونے والی معلومات قبول نہیں کی جائیں گے۔کمیشن نے واضح کیا کہ الیکشن رولز 2017 کے قاعدہ 156 کے مطابق مذکورہ معلومات پارٹی سربراہ کی طرف سے باقاعدہ طور پر مجاز ہونی چاہئیں۔