آپریشن کے دوران بھارتی علاقے بیاس میں براہموس میزائل کا ڈپو تباہ کردیا گیا، ایئر بیس ادھم پور اور پٹھان کوٹ میں ایئر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا گیا

نورخان ایئربیس، مرید بیس اور شورکوٹ کو نشانہ بنایا گیا، بھارت نے فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے ہیں۔

راولپنڈی: (  ویب  نیوز)

پاکستان نے آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کا آغاز کرتے ہوئے فجر کے وقت بھارتی جارحیت پر جوابی کارروائی شروع کردی۔

آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ جس کا مطلب ’’سیسہ پلائی دیوار‘‘ ہے کے نتائج آنا شروع ہوگئے، آپریشن کے دوران بھارتی علاقے بیاس میں براہموس میزائل کا ڈپو تباہ کردیا گیا، ایئر بیس ادھم پور اور پٹھان کوٹ میں ایئر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا گیا، ادھم پور ایئر بیس کو 3 میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے آدم پور ایئر فیلڈ کو بھی نیست و نابود کر دیا گیا ہے، آدم پور ایئر فیلڈ سے پاکستان، امرتسر اور افغانستان پر میزائل داغے گئے تھے، بھارتی آرٹلری گن پوزیشن دہر نگیاری کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ بھارتی بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز کے جی ٹاپ، سپلائی ڈپو اڑی کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے، سائبر اٹیک کے ذریعے بھارت کے 70 فیصد بجلی کے گرڈز کو ناکارہ کر دیا گیا جس کے باعث ہندوستان میں اندھرا چھا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کہ جہاں سے پاکستان کے عوام اور مساجد پر حملے کئے گئے تھے ان کو فتح ون میزائل سے ٹارگٹ کیا جارہا ہے، بھارت کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنی جارہی ہیں۔

بھارتی میڈیا نے اعتراف کیا کہ پاکستان کی جانب سے بھارت میں 26 اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر بھارت کی جانب سے اگر کسی قسم کی دوبارہ جارحیت کی گئی تو اس کے معاشی اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ بھارتی طیاروں نے پاکستان میں3 ایئر بیسز پر میزائل داغے تھے، جس کے دوران نورخان ایئربیس، مرید بیس اور شورکوٹ کو نشانہ بنایا گیا تھا، بھارت نے فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے تھے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی تین ایئربیسز کو نشانہ بنایا ہے، اب ہمارے ردعمل کا انتظار کرے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے نورخان ائیربیس چکلالہ کے قریب حملے کی کوشش ناکام بنادی، پاک فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ ہیں، بھارت کی جارحیت اور طاقت سے مرعوب ہونیوالے نہیں ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ افغانستان پر بھی بھارت نے میزائل داغے ہیں، بھارت پورے خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ زیادہ تر میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، کچھ میزائل ایئر بیسز پر گرے لیکن نقصان نہیں ہوا، بھارتی کارروائی بھارت کی بزدلانہ سوچ کی عکاسی کرتی ہے، میزائلوں کو ایئر ڈیفنس سسٹم نے ناکام بنایا، بھارت کے میزائل حملوں کے الیکٹرانک شواہد موجود ہیں، بھارت خطے کو عدم توازن کی جانب دھکیلنا چاہتا ہے۔

قبل ازیں ترجمان پاک فوج نے ایک اور ہنگامی پریس بریفنگ میں بتایا تھا کہ بھارت نے آدم پور سے 6 بلیسٹک میزائل فائر کئے جن میں سے 5 بھارتی شہر امرتسر جبکہ ایک آدم پور میں گرا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت سکھوں کو ٹارگٹ کررہا ہے، ہماری ہمدردیاں سکھوں کے ساتھ ہیں اور ہر قسم کی بھارتی دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔