پانی اور خون ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے۔پاکستان سے صرف دہشتگردی اور آزاد کشمیر پر بات ہو سکتی ہے، نریندر مودی
آپریشن سندور کے ذریعے ہم نے واضح پیغام دیا ہے کہ اگر بھارت پر حملہ کریں گے تو ہماری طرف سے منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔بھارتی وزیراعظم کی گیدڈ بھبکیاں
نئی دہلی (ویب نیوز)
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہپانی اور خون ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے۔ پاکستان سے بات صرف دہشتگردی اور آزاد کشمیر پر ہو سکتی ہے ،نریندر مودی نے پاکستان کی جانب سے جوابی کارروائی کے بعد قوم سے خطاب میں گیدڈ بھبکیاں دیتے ہوئے کہاکہ ہم نے پاکستان میں دہشتگردوں کے خلاف جو کارروائی کی اس کا کبھی انہوں نے سوچا بھی نہ ہوگا۔بھارتی وزیراعظم نے کہاکہ آپریشن سندور کے ذریعے ہم نے واضح پیغام دیا ہے کہ اگر بھارت پر حملہ کریں گے تو ہماری طرف سے منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ہمیں جواب دینے کے لیے صرف سرحد پر تیاری کی ہوئی تھی لیکن ہم نے ملک کے اندر جا کر کارروائی کی۔نریندر مودی نے دعوی کیاکہ پاکستان کی طرف سے یقین دہانی کروائی گئی کہ آئندہ دہشتگردی کی کارروائی نہیں ہوگی، جس پر ہم نے بھی اتفاق کرلیا اور سیز فائر ہوا۔بھارتی وزیراعظم نے دعوی کہاکہ آپریشن سندور کے دوران پاکستان میں 100 سے زیادہ دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ پہلگام میں دہشتگردوں کی جانب سے جو ظلم کیا گیا اس کے بعد ملک کے علاوہ دنیا بھی خوف میں مبتلا تھی، یہ دہشتگردی کا بدترین چہرہ تھا۔ مودی نے کہا کہ ہم نے دہشت گردوں کو مٹی میں ملانے کے لئے اپنی افواج کو کھلی چھوٹ دی ۔ آج تمام دہشت گرد تنظیمیں جانتی ہیں کہ ہمارے ملک کی بیٹیوں سے سندور اتارنے کا کیا انجام ہوتا ہے۔ آپریشن سندور صرف ایک نام نہیں ہے۔ یہ ملک کے کروڑوں عوام کے جذبات کا عکاس ہے۔ آپریشن سندور انصاف کا اٹوٹ عہد ہے۔ نریندر مودی نے کہا کہ آپریشن سندور انصاف کا ایک اٹوٹ عہد ہے۔ 6 مئی کی رات پوری دنیا نے اس عہد کو نتیجہ میں بدلتے دیکھا۔ ہندوستانی فوج نے پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور ان کے تربیتی مراکز پر حملہ کیا۔ دہشت گردوں نے خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ ہندوستان اتنا بڑا فیصلہ لے سکتا ہے۔ لیکن جب ملک متحد ہوتا ہے تو مضبوط فیصلے کئے جاتے ہیں اور نتائج برآمد ہوتے ہیں۔نریندر مودی نے دعوی کیاکہ پاکستان بچنے کے راستے تلاش کرنے لگا۔ اس نے پوری دنیا سے فریاد کرنی شروع کر دی۔ بری طرح پٹنے کے بعد اس نے مجبوری میں 10 مئی کی دوپہر ہمارے ڈی جی ایم او سے رابطہ کیا، تب تک ہم دہشت کے ان اڈوں کو تباہ کر چکے تھے۔ دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔ پاکستان کے سینے میں قائم دہشت گردی کے اڈوں کو کھنڈرات بنادیا گیا تھا ،واضح رہے کہ 6 اور 7 مئی کی شب بھارت نے پاکستان کے خلاف جو کارروائیاں کیں اسے آپریشن سندور کا نام دیا گیا تھا، جس کے جواب میں پاکستان نے 10 مئی کو آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا اور بھارت کے اندر جا کر اہداف کو نشانہ بنایا۔پاکستانی فضائیہ نے اس معرکے میں بھارتی فضائیہ کے 6 جنگی جہازوں کو تباہ کیا، جن میں 3 رافیل جہاز بھی شامل تھے، جو فرانسیسی کمپنی کی جانب سے تیار کیے گئے ہیں۔پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میدان میں آگئے تھے، جس کے بعد سیز فائر ہوگیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاکہ اگر بھارت کے ساتھ مذاکرات ہوئے تو پانی، دہشتگردی اور مسئلہ کشمیر پر بات ہوگی۔





