شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خود کش حملہ ، 13سیکیورٹی اہلکار شہید،جوابی کارروائی میں 14 دہشتگرد مارے گئے

بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی سیکورٹی قافلے میں شامل گاڑی سے ٹکرا دی،آئی ایس پی آر

صدر وزیراعظم کو شہداء کو خراج عقیدت،دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم

راولپنڈی ( ویب  نیوز)

خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں  سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے میں 13جوان شہید ہو گئے جبکہ جوابی کارروائی میں 14 دہشتگرد مارے گئے ۔پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر ایک منصوبہ بند حملہ ہوا، جسے بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد وں نے کیا۔ ایک خودکش حملہ آور نے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جسے فورسز نے بروقت ناکام بنایا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حملے کے دوران دہشت گردوں نے بم سے بھری گاڑی قافلے کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 13 بہادر جوان شہید ہو گئے۔ اس واقعے میں تین عام شہری بھی زخمی ہوئے۔جن میں دو بچے اور ایک خاتون شامل ہے،شہدا میںصوبیدار زاہد اقبال عمر 45 سال تعلق ضلع کرک، حوالدار سہراب خان عمر 39 سال تعلق نصیراباد سے، شہید حوالدار میاں یوسف کی عمر 41 برس تعلق ضلع بونیر ، نائیک خطاب شاہ کی عمر 34 سال تعلق ضلع لوئر دیر، لانس نائیک اسماعیل کی عمر 32 سال تعلق ضلع نصیر آباد ، سپاہی روحیل کی عمر 30 سال تعلق ضلع میرپور خاص ، سپاہی محمد رمضان کی عمر 33 برس تعلق ضلع ڈیرہ غازی خان، سپاہی نواب کی عمر 30 سال تعلق ضلع کوئٹہ ، سپاہی زبیر احمد کی عمر 24 سال تعلق ضلع نصیر آباد، سپاہی محمد ساہکی کی عمر 31 برس تعلق ضلع ڈیرہ غازی خان، سپاہی ہاشم عباسی کی عمر 20 سال تعلق ضلع ایبٹ آباد سے، سپاہی مدثر اعجاز کی عمر 25 سال تعلق ضلع لیہ  اور سپاہی منظر علی کی عمر 23 برس تعلق ضلع مردان سے تھا،شامل ہیں ،آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں جامع سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 14 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ آپریشن جاری ہے اور حملے میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وحشیانہ اور بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ دہشت گردی کے خلاف ڈٹ کر کھڑی رہیں گی، ہمارے بہادر سپاہیوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کو تقویت دیتی ہیں، صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس میں  13 جوانوں کی شہادت پر دکھ اور افسو س کا اظہار کیا ، اپنے الگ الگ بیانات میں دونوں نے شہیدہونے والے سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے ، چھپے ہوئے دشمن کے خلاف آخری دہشت کرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی ۔