راولپنڈی (ویب نیوز)

ضلع شمالی وزیرستان کے علاقہ دردونی میں دہشت گردوںکے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے چھ جوان شہید ہو گئے، جبکہ پاک فوج کے جوانوں کی مئوثر جوابی کاروائی کے نتیجہ میں3 دہشت گرد ہلاک اور 2  زخمی ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق خفیہ معلومات پر آپریشن کیا جارہا تھا کہ اس دوران دہشت گردوں نے سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجہ میں پاک فوج کے چھ جوان بہادری اور جواں مردی سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔شہداء میں ٹانک سے تعلق رکھنے والے 36سالہ حوالدار سلیم خان،کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے 37سالہ نائیک جاوید اقبال، بنوں کے 26سالہ رہائشی سپاہی نذیر خان،مردان سے تعلق رکھنے والے 25سالہ سپاہی حضرت بلال، ضلع اورکزئی سے تعلق رکھنے والے 22سالہ سپاہی رجب حسین اور ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے 22سالہ سپاہی بسم اللہ جان شامل ہیں جبکہ سکیورٹی فورسز کی جواب کارروائی میں تین دہشت گرد ہلاک جبکہ دوزخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق واقعہ کے بعد علاقہ میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ختم کرنے کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے ۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے،ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمہ تک آپریشنز جاری رہیں گے۔