امن معاہدے کے اعلان کے بعد اسرائیلی حملوں میں10 فلسطینی شہید
الشجاعیہ، الزیتون، النصیرات میں شہریوں کے گھروں پر فائرنگ
غزہ ( ویب نیوز)
الجزہ ٹی وی کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے حماس اور اسرئیل کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے بعد اسرائیلی حملوں میں کم از کم 10 فلسطینی شہید ہوگئے ۔جمعرات کی صبح اسرائیلی جنگی ہیلی کاپٹر "اپاچی نے مشرقی غزہ کے علاقے الشجاعیہ میں شہریوں کے گھروں پر فائرنگ کی، جب کہ توپخانے نے جنوب مشرقی غزہ کے علاقے الزیتون کو گولہ باری کا نشانہ بنایا۔طیاروں نے شمال مشرقی غزہ کے علاقے التفاح میں مسجد المحطہ کے اطراف بمباری کی، جبکہ ایک اور فضائی حملہ الزیتون محلے میں کیا گیا۔شہر کے شمال مغربی علاقے شارع الجلا میں ایک شہری قابض فوج کی گولیوں سے شہید ہوا، جبکہ ایک اور فلسطینی گذشتہ اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گیا۔وسطی غزہ کے النصیرات کی ساحلی پٹی پر اسرائیلی جنگی کشتیوں نے فائرنگ کی، اور توپخانے نے کیمپ کے شمالی حصے کو نشانہ بنایا۔خان یونس کے شمال مغربی علاقے حمد سٹی کے مشرق میں توپخانے کی شدید گولہ باری جاری رہی۔قابض فوج نے جنوبی غزہ کے علاقے الصبرہ میں دو بکتربند گاڑیوں کو دھماکوں سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں درجنوں مکانات زمین بوس ہو گئے۔فجر کے وقت قابض فوج نے الشجاعیہ، التفاح اور الدرج کے محلوں میں بھی شدید بمباری کی۔





