شیخ حسینہ کی رضاکارانہ واپسی اور حوالگی الگ معاملات ہیں، بھارت
نئی دہلی کا ڈھاکا کی درخواست کا طے شدہ طریقہ کار کے تحت جائزہ لینے کا اعلان، سابق بنگلادیشی وزیراعظم 16 دسمبر کو وطن واپسی کی خواہش مند؛ ڈھاکا خصوصی پرواز کے بجائے حوالگی پر بضد
نئی دہلی ( ویب نیوز) بھارت نے بنگلادیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی وطن واپسی اور ان کی حوالگی کے معاملے کو الگ الگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈھاکا کی جانب سے سابق وزیراعظم کی حوالگی کی درخواست کا طے شدہ طریقہ کار کے تحت جائزہ لیا جا رہا ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ شیخ حسینہ کا رضاکارانہ طور پر بنگلادیش واپس جانے کا ارادہ، بنگلادیشی حکومت کی جانب سے ان کی حوالگی کی درخواست سے الگ معاملہ ہے۔ نئی دہلی حوالگی کی درخواست پر اپنے مقررہ طریقہ کار کے مطابق غور کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ شیخ حسینہ نے رواں ہفتے رائٹرز کو بتایا تھا کہ وہ بھارت میں دو سال سے زائد عرصے کی جلاوطنی کے بعد 16 دسمبر کو بنگلادیش واپس جانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ ان کے ترجمان سید مزمل علی کے مطابق سابق وزیراعظم چاہتی ہیں کہ بنگلادیش کی قومی فضائی کمپنی بمان بنگلادیش ایٔرلائنز نئی دہلی سے ڈھاکا واپسی کے لیے ان کی پرواز کا انتظام کرے۔ مزمل علی نے کہا کہ شیخ حسینہ کو 5 اگست 2024 کو بنگلادیشی طیارے کے ذریعے بھارت منتقل کیا گیا تھا، اس لیے بنگلادیشی حکومت کو چاہیے کہ وہ 16 دسمبر کو ان کی وطن واپسی کے لیے فضائی سفر کا انتظام کرے۔ دوسری جانب بنگلادیشی حکومت نے اس درخواست کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ شیخ حسینہ بھارت سے صرف حوالگی کے قانونی عمل کے ذریعے ہی واپس آسکتی ہیں۔ بنگلادیش کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے رائٹرز سے گفتگو میں انہیں سزا یافتہ مجرم اور مفرور قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی واپسی حوالگی کے معاہدے کے تحت ہتھکڑیوں اور سخت نگرانی میں ہی ممکن ہے۔ ہمایوں کبیر نے شیخ حسینہ کی خصوصی پرواز کے ذریعے واپسی کے انتظام کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بنگلادیش اس تجویز پر غور نہیں کرے گا۔ شیخ حسینہ اگست 2024 میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی ملک گیر تحریک کے بعد بنگلادیش چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں۔ یہ تحریک ابتدا میں ان سے استعفے کے مطالبے کے لیے شروع ہوئی تھی، جو بعد ازاں ان کی 15 سالہ حکومت کے خاتمے کا سبب بنی۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس دوران ہونے والی بدامنی میں تقریباً 1400 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ شیخ حسینہ جلاوطنی کے دوران اپنے خلاف عائد الزامات کی تردید کرتی رہی ہیں۔ ان کی ممکنہ واپسی کے معاملے پر بنگلادیش میں سیاسی کشیدگی بھی بڑھ رہی ہے۔ عوامی لیگ کے حامیوں نے رواں ماہ احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں پر مشتمل ایک ہفتے کی سرگرمیوں کا اعلان کیا تھا، جس کا اختتام 19 نومبر کو ملک گیر لاک ڈاؤن پر ہوا۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ 10 روز کے دوران بنگلادیش کے کم از کم 28 اضلاع میں دیسی ساختہ بموں کے درجنوں دھماکے اور گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کے واقعات پیش آئے، جن میں متعدد پولیس اہلکار اور شہری زخمی ہوئے۔ بنگلادیشی حکومت نے ان واقعات کا ذمہ دار عوامی لیگ کو قرار دیا، جبکہ جماعت کے سینئر رہنما خالد محمود چوہدری نے تشدد کا الزام موجودہ سیاسی انتظامیہ پر عائد کیا۔ رائٹرز کے مطابق 2024 کی تحریک کے بعد عوامی لیگ پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ بنگلادیش کی عدالت نے گزشتہ برس نومبر میں طلبہ تحریک کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دینے کے معاملے پر شیخ حسینہ کو ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت بھی سنائی تھی۔ سابق وزیراعظم نے جلاوطنی کے دوران اپنے خلاف الزامات کی تردید کی ہے۔ بھارت کی جانب سے حوالگی کی درخواست کا جائزہ لینے کے اعلان اور بنگلادیشی حکومت کے سخت مؤقف کے بعد شیخ حسینہ کی وطن واپسی کا معاملہ دونوں ملکوں کے درمیان ایک اہم سفارتی اور قانونی مسئلہ بن گیا ہے





