اسلام آباد (ویب ڈیسک)
نیویارک میں روز ویلٹ ہوٹل کی بندش پر چیئرمین نیب جاوید اقبال نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب راولپنڈی کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔
چیئرمین نیب جاوید اقبال نے ڈی جی نیب راولپنڈی کو ہدایات دیں کہ پاکستان کو مبینہ لاکھوں ڈالرز نقصان کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے اور پتہ لگایا جائے کہ ہوٹل کو بند کرنیکی ضرورت کیوں پیش آئی۔جسٹس (ر) جاوید اقبال کا مزید کہنا تھا کہ معاملے میں کوتاہی برتنے والے ذمہ داران اور ہوٹل کو منافع بخش بنانے کیلئے کام نہ کرنے والوں کا بھی تعین کیا جائے۔
دوسری جانب ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ حکومت پاکستان نے اس اہم قومی اثاثے کو فروخت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ 1924 سے قائم روزویلٹ ہوٹل کا شمارامریکہ کے تاریخی ہوٹلوں میں ہوتا ہے اور یہ ہوٹل امریکہ اور دنیا کے مہنگے ترین علاقے مین ہٹن نیویارک میں واقع ہے۔