سائفروآڈیو لیک: ایف آئی اے کی چیئرمین پی ٹی آئی سے دو گھنٹے تحقیقات

چیرمین پی ٹی آئی دو گھنٹے تاخیر سے ایف آئی اے ہیڈ کواٹر پہنچے

اسلام آباد(ویب  نیوز)

ایف آئی اے نے چیئرمین پی ٹی آئی سے دوگھنٹے تک سائفر گمشدگی اور آڈیو لیک سمیت دیگر سوالات بھی کیے۔ایف آئی اے نے سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی کو منگل 12 بجے سائفر اور آڈیو لیک کی تحقیقات کے لئے طلب کررکھا تھا، تاہم چیرمین پی ٹی آئی دو گھنٹے کی تاخیرسے دن دو بجے ایف آئی اے ہیڈ کواٹر پہنچے۔ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی سے سائفر گمشدگی، آڈیو لیک سمیت دیگر سوالات بھی کیے، سابق وزیراعظم نے دو گھنٹے سے زائد تحقیقاتی ٹیم کے سوالات کے جوابات دیے۔تحقیقاتی ٹیم نے چیرمین پی ٹی آئی سے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے بیان کے حوالے سے بھی سوالات کیے گئے، اور سائفر پر آڈیو لیک جس میں سائفر پر کھیلنے کی بات کی جارہی تھی کے حوالے سے بھی سوالات کیے گئے۔تحقیقاتی ٹیم نے اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کے جوابوں سے بھی سوالات پوچھے، سوال نامے میں سائفر مسودے کی گمشدگی اور آڈیو لیکس کے حوالے سے بھی سوال شامل تھے۔جے آئی ٹی نے سابق وزیراعظم کے مختلف بیانات کے حوالے سے بھی سوالات کیے، چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ سائفر کے حوالے سے قومی سلامتی کمیٹی کے دونوں اجلاسوں کے منٹس موجود ہیں۔ایف آئی اے کی جے آئی ٹی نے تینوں رہنماوں اور سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے بیانات کی روشنی میں مزید تحقیات جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) سائفر کے معاملے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور ان کے قریبی ساتھیوں کے خلاف آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت تحقیقات کررہی ہے۔