راولپنڈی (ویب ڈیسک)
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے جوانوں اور افسروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پرعزم رہتے ہوئے اپنا فرض اخلاص اور جذبہ کیساتھ ادا کریں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے جاری ٹویٹس میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف نے یہ ہدایات لائن آف کنٹرول کے دورہ کے موقع پر دیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر چھمب سیکٹر کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے چھمب سیکٹر میں آرمی چیف کا استقبال کیا۔
آرمی چیف کو بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی گئی جبکہ اب تک کی آپریشنل صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ پاک فوج کے سپہ سالار نے زبردست آپریشنل تیاریوں پر افسروں اور جوانوں کی تعریف کی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بھارتی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں مقامی آبادی کی بھرپور مدد کی جائے۔ انہوں نے اس موقع پر افسروں اور جوانوں کو پرعزم رہتے ہوئے اپنا فرض اخلاص اور جذبہ سے ادا کرنے کی ہدایت بھی کی۔