وفاقی وزارت قانون سے احتساب عدالتوں کے قیام کی تفصیلی رپورٹ طلب
آئندہ سماعت پرسیکرٹری قانون کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم ، سماعت 10 روز کیلئے ملتوی
اسلام آباد (ویب نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان نے وفاقی وزارت قانون سے احتساب عدالتوں کے قیام سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی،سماعت مزید 10روز کیلئے ملتوی کردی گئی ۔منگل کو سپریم کورٹ نے وفاقی وزارت قانون سے احتساب عدالتوں کے قیام سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ سپریم کورٹ نے رپورٹ جعلی بینک اکائونٹس کیس کے ملزم طحہٰ رضا کی درخواست ضمانت میں طلب کی ہے۔ وکیل ملزم نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم پر احتساب عدالت سے رپورٹ آ چکی ہے، 35 ریفرنسز میں سے ہمارے ریفرنس کا نمبر 24 ہے،ملزم دو سال سے زائد عرصے سے جیل میں ہے۔ کیس میں دستاویزات کے 72 والیمز ہیں۔ اس موقع پر پراسیکیوٹر نیب عمران الحق نے کہا کہ وزارت قانون نے اسلام آباد میں تین احتساب عدالتوں کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ، ججز تعیناتی کے بعد جلد سماعتوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ وزارت قانون سے نئے ججز اور سٹاف بارے رپورٹ منگوا لیتے ہیں، عدالت نے سیکرٹری قانون کو رپورٹ کے ہمراہ ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے کرکیس کی مزید سماعت 10 روز کیلئے ملتوی کردی۔