سکول بند کرنا بڑا مشکل فیصلہ ہے،شفقت محمود
24مارچ کو دوبارہ میٹنگ ہے جس میں جائزہ لیں گے کہ تعلیمی ادارے کھولنے ہیں یانہیں
وزرائے تعلیم اور وزرائے صحت تعلیمی اداروں کے متعلق سفارشات د ینگے تو اس پر عمل کرینگے
یکساں نصاب تعلیم پورے ملک میں نافذ ہوگا،وفاقی وزیر تعلیم کا تقریب سے خطاب

لاہور (ویب  نیوز) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ سکول بند کرنا بڑا مشکل فیصلہ ہے اور وزارت تعلیم کی خواہش ہے کہ تعلیمی ادارے کھلے رہیں۔لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ کورونا کی صورتحال میں ہم نے کئی اقدامات کیے ہیں اور وزارت تعلیم کی خواہش ہے کہ تعلیمی ادارے کھلے رہیں کیونکہ تعلیمی اداروں میں تدریس اور آن لائن تعلیم میں فرق ہے، آن لائن تدریس میں وہ باتیں نہیں ہوتیں جوکلاس روم میں ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سکول بند کرنا بڑا مشکل فیصلہ ہے، اس حوالے سے 24 مارچ کو دوبارہ میٹنگ ہے جس میں جائزہ لیں گے کہ تعلیمی ادارے کھولنے ہیں یانہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت پریشر ڈالتاہے لیکن پھربھی تعلیمی ادارے بند نہیں کرتے، اس وقت کورونا کی وجہ سے حالات خراب ہیں اور این سی او سی کا خیال ہے کہ سکولوں میں کورونا کا بہت خطرہ ہے، 5کروڑبچے تعلیم سے جڑے ہیں، پھرکوئی انفکیشن ہوگی توپھیلے گی ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کوشش کی جہاں مسئلہ نہیں وہاں سکول کھلے رکھیں، وزرائے تعلیم اور وزرائے صحت تعلیمی اداروں کے متعلق سفارشات دیں گے تو اس پر عمل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یکساں نصاب تعلیم پورے ملک میں نافذ ہوگا،ملکی تعلیمی اداروں میں نصاب کے حوالے سے قوم تقسیم ہے، جسے ختم کرنے کے لیے حکومت نے یکساں تعلیمی نظام بنایا جسے لاگو کرنے جارہے ہیں، پنجاب ،خیبرپختونخوااور دیگر صوبوں میں یکساں نظام تعلیم لایا جائیگا، یکساں نصاب پر سندھ کے تحفظات دور کررہے ہیں۔