مظفرآباد (ویب ڈیسک)

  آزاد کشمیر میں ایس سی او کی نئی اور جدید ترین انٹرنیٹ سروس فائبر ٹو ہوم ٹرپل پلے سروس کا آغاز 15 جون  کو ہوگا جس کے بعد اسے باقاعدہ شروع کیا جائے گا۔ آزاد کشمیر میں فائبر ٹو ہوم ٹرپل پلے سروس کی آن لائن رجسٹریشن ایس سی او کی ویب سائٹ پر شروع ہو چکی ہے۔۔ مظفر آباد میں  سیکٹر کمانڈر ایس سی او کرنل ظفر محمود  نے  ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال، اور صحافیوں سے بات چیت میں بتایا کہ  صارفین کو یہ سہولت پہلے آ پہلے پا کی بنیاد پر مل سکے گی۔ جو صارفین اس سہولت سے مستفید ہونا چاہتے ہیں ان میں سے پچاس خوش نصیب ایسے ہوں گے جن کو بذریعہ قرعہ اندازی یہ سہولت مفت دی جائے گی۔ سیکٹر کمانڈر نے بتایا کہ فائبر ٹو ہوم ٹرپل پلے سروس سے انٹرنیٹ کی تیز ترین سروس میسر ہو گی۔ ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے آزاد کشمیر کے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں مشکل اور کٹھن حالات کے باوجود ٹیلی مواصلات کی سروسز بحال رکھنے اور شہری و دیہی علاقوں کو برابر سہولیات دینے پر  ایس سی او  کو خراج تحسین پیش کیا۔