ای ایس پی ایل کا ریڈ ٹون ڈیجیٹل سروسز سے اشتراک
پاکستان میں گیمرز کو باضابطہ ای اسپورٹس پیش کرنے کے ساتھ متعدد ٹورنامنٹس بھی منعقد کرائے جائیں گے

کراچی، (ویب نیوز )۔ دنیا کی صف اول کی ای اسپورٹس فرم ای ایس پی ایل نے پاکستان میں الیکٹرانک گیمنگ متعارف کرانے کے لئے ریڈ ٹون ڈیجیٹل سروسز (آر ڈی ایس) کے ساتھ شراکت داری کرلی ہے۔ اس سلسلے میں نچلی سطح کے ٹورنامنٹس پر توجہ دے کر پب جی موبائل، والورینٹ، موبائل لیجنڈز وغیرہ جیسے بڑے گیمز پاکستانی گیمنگ کمیونٹی کے لئے باضابطہ طور پر متعارف کرائے جائیں گے۔

یہ پاکستانی گیمنگ مارکیٹ کے لئے تاریخ ساز لمحہ ہے کہ دنیا میں سب سے مستحکم ای اسپورٹس فرم ای ایس پی ایل پاکستان میں آچکی ہے اور اس نے ملکی و بین الاقوامی برانڈز کے ساتھ بڑے پیمانے پر اسپانسرشپ میں دلچسپی لی ہے۔ آر ڈی ایس کے ذریعے وہ حکومت کی ڈیجیٹائز پاکستان کی مہم کو آگے بڑھانے میں معاون ہوگی اور انٹرنیشنل گیمنگ کے مقابلوں کے لئے ایک حقیقی امیدوار کے طور پر قوم کو تیار کرے گی۔ پہلے مرحلے میں ای ایس پی ایل اور آر ڈی ایس پاکستان بھر میں پورے سال کے دوران اہم شہروں میں ای اسپورٹس ٹورنامنٹس کی سیریز منعقد کرانے کے لئے کام کررہے ہیں۔ یہ پلیٹ فارم ہر ماہ بین الاقوامی (ریجن سطح پر) مقابلے منعقد کرائے گا۔ پاکستان سے کھیلنے والے پلیئرز ٹورنامنٹ میں پہلے آیئے، پہلے پائیے کی بنیاد پر حصہ لے سکیں گے اور بین الاقوامی حریفوں کا سامنا کرسکیں گے اور کیش انعامات جیت سکیں گے۔

اس اشتراک کے بارے میں ریڈ ٹون ڈیجیٹل سروسز کی سی ای او ماہ نور ندیم نے کہا، "پاکستان ایک ایسا ملک ہے جو ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو آگے بڑھانے کے لئے تیار ہے اور نوجوان آبادی اس عمل میں تعاون فراہم کررہی ہے۔ ای اسپورٹس جیسے بڑے ٹورنامنٹس کا یہاں انعقاد ایک اہم پیش رفت ہے جس کے دوران نہ صرف ہمارے نوجوان دنیا بھر میں ان پلیٹ فارمز کا استعمال اور ماحول دیکھ سکیں گے بلکہ عالمی سطح پر انہیں نیٹ ورک کا موقع بھی حاصل ہوگا اور وہ اپنے گھروں سے عالمی مقابلے میں حصہ لے سکیں گے۔ ہم محسوس کرتے ہیں کہ تفریح ایسی چیز ہے جو ہمیں دنیا سے جوڑ سکتی ہے اور پاکستان میں ای اسپورٹس کے مواقع اور ٹورنامنٹس منعقد کرانے کے لئے ہمیں ای ایس پی ایل کے ساتھ اشتراک پر فخر ہے۔”

ای ایس پی ایل کے سی ای او اور شریک بانی مائیکل بروڈا نے کہا، "ریڈ ٹون ڈیجیٹل سروسز کے ساتھ ہمارا اشتراک دنیا بھر میں اپنے موجودہ نیٹ ورک میں وسعت لانے کی جانب ایک دلچسپ قدم ہے۔ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں بے پناہ مواقع اور عالمی چیمپیئنز ہیں۔ حکومت کی جانب سے ای اسپورٹس کو بالکل عام کھیلوں کی طرح تسلیم کرنے کے فیصلے سے مستقبل میں ملک کے اندر ای اسپورٹس کی دلچسپ پیش قدمی نظر آتی ہے۔ اپنے پارٹنر کے طور پر آر ڈی ایس کے ساتھ پاکستان میں اپنی مہارت کے ذریعے ای ایس پی ایل ملک میں اپنے عالمی ای اسپورٹس نیٹ ورک سے گیمرز کو موثر انداز سے جوڑ سکے گی، ان کے لئے نئے دلچسپ مقابلے منعقد کراسکے گی، اور مستقبل کے عالمی چیمپیئنز کے لئے بنیاد رکھ سکے گی۔”

ای ایس پی ایل کا مشن یہ ہے کہ دنیا بھر میں ای اسپورٹس کو فروغ دینے میں سہولت فراہم کی جائے۔ یہ مشن بڑے مقابلوں کے انعقاد سے حاصل کیا جاتا ہے اور خواہش مند ای اسپورٹس ایتھلیٹ کے لئے آمدن کے ذرائع نکلتے ہیں جبکہ انہیں اپنے گیم کے شوق سے پیسے کمانے کا موقع بھی دیا جاتا ہے۔ پاکستان میں اسے منعقد کرنے کے لئے ای ایس پی ایل اور آر ڈی ایس نے اپنا لنک (espl.gg/pakistan) متعارف کرایا ہے جہاں متعدد مقبول گیمز کے ٹورنامنٹس منعقد ہوں گے۔

یہ ٹورنامنٹس ای اسپورٹس کے مقامی افراد کی ترقی میں تعاون کرتے ہیں، کھلاڑیوں کو نقد انعامات جیتنے کا موقع فراہم کرتے ہیں اور مستقبل قریب میں بین الاقوامی ٹورنامنٹس کا انعقاد کرتے ہیں۔ گیمرز اب ای اسپورٹس پلیئرز لیگ پاکستان کی ویب سائٹ (espl.gg/pakistan) پر جاکر خود کو رجسٹر کراسکتے ہیں اور آنے والے ٹورنامنٹس سے باخبر رہ سکتے ہیں۔