درسی کتب ناظرہ قرآن،اور فہم القرآن کا پڑھایا جانا لازمی ہوگا ٹیکسٹ بک بورڈ
مظفرآباد (ویب ڈیسک)
آزادجموں وکشمیر ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق آزادجموں وکشمیر کے جملہ پرائیویٹ و سرکاری تعلیمی ادارہ جات کے مالکان، والدین، اساتذہ اکرام اور بک سیلرز کو مطلع کیا گیا ہے کہ حکومت آزادجموں وکشمیر نے آزادجموں وکشمیر تدریس قرآن لازمی ایکٹ 2019منظور کر لیاہے۔ آزادجموں وکشمیر ٹیکسٹ بک بورڈ نے ایکٹ کی روشنی میں محکمانہ قواعد کے مطابق درسی کتب ناظرہ قرآن برائے جماعت ابتدائی تا پنجم اور فہم القرآن برائے جماعت ششم تا ہشتم ازاں پبلشرز (کریکٹر ایجوکیشن فانڈیشن) ریگولیٹ کی ہیں۔ ایکٹ کی روشنی میں تیار کردہ یہ کتب آزادجموں وکشمیر کے جملہ پرائیویٹ و سرکاری تعلیمی ادار ہ جات میں لازمی مضمون کے طور پر پڑھائی جانی ہیں۔ جملہ پرائیویٹ وپبلک تعلیمی ادارہ جات کے مالکان /سربراہان، والدین، اساتذہ کرام اور بک سیلرز کو مطلع کیا جاتا ہے کہ اپنے تعلیمی ادارہ جات میں طلبہ کو آزادجموں وکشمیر ٹیکسٹ بک بورڈ کی ریگولیٹ شدہ درسی کتب کی تدریس کو یقینی بنائیں۔ خلاف ورزی کرنے والے ادارہ جات کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔