قومی ادارے کو نقصان پہنچانیوالوں کوکسی صورت نہیں چھوڑیں گے‘وائس چانسلر گومل یونیورسٹی

ڈیرہ اسماعیل خان( ویب نیوز )وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مسرور الٰہی بابر(تمغہ امتیاز) کی زیر صدارت چیئرمین کونسل کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں تمام شعبہ جات کے ڈین‘ڈائریکٹرسمیت رجسٹراراور افسران بھی شریک تھے۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مسرور الٰہی نے کہا کہ قومی ادارے ملک و قوم کا اثاثہ ہیں اور ان کی حفاظت‘ تقدس اورانصاف کی ذمہ داری اس ادارے کے سربراہ کی ہوتی ہے۔ اسی حوالے سے گومل یونیورسٹی میں کچھ مسائل اور خصوصا طلباء کی طرف سے فیسوں میں مالی کم و بیشی اور بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں جس پر میں نے دو رکنی کمیٹی تشکیل دی جس نے نہایت ہی باریک بینی کے ساتھ ایک اپنی رپورٹ پیش کر دی۔وائس چانسلر ڈاکٹر مسرور نے مزید کہا کہ کمیٹی کی پیش گئی رپورٹ میں طلباء کی طرف سے فیسوں کی مد میں بہت زیادہ بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں جو آپ تمام ڈین اور شعبہ جات کے سربراہان کو سامنے رکھ دی گئیں تاکہ آپ کے مشورے سے آگے کا لائحہ عمل تیار کیا جائے جس پر تمام شعبہ جات کے ڈین اورسربراہان نے متفقہ طور پر کہا کہ اس کمیٹی میں مزید اور ممبران کو شامل کریں تاکہ وہ دیگر شعبہ جات میں بھی طلباء کی فیسوں کے مسئلے کو تفصیل سے دیکھیں تاکہ گومل یونیورسٹی کو مالی نقصان پہچانیوالے طلباء اور اگر اس میں کوئی اور بھی شامل ہے کے خلاف یونیورسٹی قوانین اور سٹیچیوٹس کے مطابق کارروائی کرے اوراس کے ساتھ ساتھ اگر اس حوالے سے کسی اور متعلقہ ادارے کی مدد بھی لینا پڑے تو وہ بھی لیں تاکہ اس قدیم مادر علمی کو مالی نقصان پہنچانیوالوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔جس پروائس چانسلرڈاکٹر مسرور بابر نے کمیٹی میں مزید ممبران کو شامل کرکے اس کی تعداد 5کر تے ہوئے ان کو ہدایات جاری کیں کہ وہ ماہ جون کے اختتام سے پہلے پہلے اپنی مکمل رپورٹ پیش کریں۔وائس چانسلرڈاکٹر مسرور الٰہی بابر نے مزید کہا کہ گومل یونیورسٹی کے تمام وابستہ کالجز (ایفیلیٹڈ کالجز)کی انکوائری کیلئے کمیٹی نے کام مکمل کر لیا ہے جس کی رپورٹ آئندہ کچھ دنوں میں منظر عام پر آجائے گی اور ادارے کو نقصان پہنچانیوالوں کیخلاف یونیورسٹی کے قوانین اور سٹیچیوٹس کے مطابق کارروائی ہوگی۔ آخر میں وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مسرور الٰہی بابر نے کمیٹی ممبران پروفیسر ڈاکٹر قمر آفاق‘چیئرمین شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن، ڈاکٹر سمیع اللہ خان، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف نیومیریکل سائنسز/چیف پراکٹر اور ذکی اللہ خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس کو نہایت ہی کم وقت میں حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کرنے پر گومل یونیورسٹی کی طرف سے تعریفی لیٹر بھی دیئے۔