مضبط معیشت کے لئے سیاسی استحکام انتہائی ضروری ہے۔ صدر سارک چیمبر افتخار علی ملک

لاہور (ویب  نیوز) سارک چیمبر آف کامرس کے صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ مضبط معیشت کے لئے سیاسی استحکام انتہائی ضروری ہے۔ منگل کو ایک ویبنار کے ذریعے صدر یونائیٹڈ بزنس گروپ زبیر طفیل کی سربراہی میں کراچی سے تعلق رکھنے والے تاجروں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے وقت کے اس اہم موڑ پر پاکستان نہ تو سیاسی ہنگامہ آرائی برداشت کرسکتا ہے اور نہ ہی سیاسی عدم استحکام کا متحمل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بلا تعطل جمہوری عمل کی ضرورت ہے جو پاکستان کو درپیش  چیلنجز سے نمٹنے اور معاشی نمو کیلئے بنیادی شرط ہے۔ محاذ آرائی، احتجاج اور تشدد کی سیاست مسائل کا حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت بدل گیا ہے کیونکہ اب بااثر ممالک اپنا تسلط برقرار رکھنے کے لئے مالیاتی جنگ پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں اور غریب ممالک کی معیشت کو تباہ کرنے اور اپنے ناپاک عزائم کے حصول کے لئے وہ معاشی تباہی کو بطور ہتھیار استعمال کررہے ہیں جبکہ پاکستان کی معیشت اتنی مضبوط نہیں ہے کہ وہ ایسی کسی معاشی دہشت گردی کا مقابلہ کرسکے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ معاشی استحکام کیلئے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے، اس مقصد کے لئے ہمیں کاروباری لاگت کو کم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہماری مصنوعات عالمی منڈیوں میں مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجارتی سہولیات کی فراہمی صنعتوں کو فروغ دینے کی کلید ہے اور ہمیں ایسی تمام رکاوٹوں کو دور کرنے اور تجارتی سہولیات کا کلچر پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومتی پالیسیوں میں مستقل مزاجی اور آگے بڑھنے کے لئے واضح روڈ میپ کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعت سمیت تمام شعبوں کو اپنی قومی ذمہ داریوں کو نبھانا اور معیشت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا جبکہ حکومت کو اصلاحات متعارف کرانا اور خام مال اور تیار شدہ سامان کی اسمگلنگ کو کنٹرول کرنا ہوگا۔ افتخار علی ملک ، جو چیئرمین یو بی جی بھی ہیں ، نے حکومت پر زور دیا کہ پاکستانی مصنوعات کے لئے نئی غیر ملکی منڈیوں کی تلاش کے لئے مارکیٹ ریسرچ کی جائے۔ بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز کو پابند کیا جائے کہ وہ غیر ملکی خریداروں میں پاکستانی مصنوعات کو متعارف کروائیں اور تجارت سے متعلق آگاہیکو بھی یقینی بنائیں تاکہ پاکستان کے تاجر تجارتی مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاسکیں
#/S