پاکستان کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے،پی ٹی آئی

تحریک انصاف کے بغیر انتخابات کو عوام  قبول نہیں کریں گے

اسلام آباد ( ویب  نیوز)ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ  پاکستان کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، بحرانوں سے نجات کی راہ صاف شفاف انتخابات میں مضمر ہے، ملک میں ساکھ اور حیثیت کے حامل انتخابات کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کی انتخابی عمل میں یکساں اور مساوی انداز میں شرکت ناگزیر ہے، تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی اور کروڑوں پاکستانیوں کی نمائندہ سیاسی جماعت ہے،تحریک انصاف یا اس کی قیادت کے بغیر صاف شفاف انتخابات کا کوئی تصور ممکن ہے نہ عوام اسے قبول کریں گے، تحریک انصاف کو سیاسی عمل سے باہر کرنے کی ریاستی کوششوں سے قوم پوری طرح واقف ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کیلئے اپنی غیرجانبداریت برقرار رکھنا دستور و جمہوریت کے استحکام اور انتخابات کی  ساکھ و شفافیت کیلئے لازم ہے۔ تحفظات کے باوجود تحریک انصاف کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں پارٹی کے آئین اور قانون کے مطابق انٹراپارٹی انتخابات کے انعقاد کے بعد مکمل دستاویز کمیشن کے روبرو جمع کروا چکی ہے،  الیکشن کمیشن بلے کے نشان کو مزید التوا میں رکھنے کی بجائے اسے تحریک انصاف کیلئے جاری کرے۔